پوڑی/دہرا دون، 04 اکتوبر (یو این آئی) اتراکھنڈ کے پوڑی ضلع کے لانس ڈاؤن علاقے میں منگل کی دیر شام باراتیوں سے بھری بس گہری کھائی میں گر گئی۔ بس میں کل 45 افراد سوار بتائے جاتے ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں جائے واقع پر موجود ہیں۔ تاہم اندھیرے کے باعث ریسکیو آپریشن شروع نہیں ہو سکا۔
وزیر اعلیٰ نے واقعہ کے بعد بدھ کے اپنے تمام پروگرام ملتوی کر دیے ہیں۔
ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ترجمان للیتا نیگی نے یو این آئی کو بتایا کہ رات آٹھ بجے باراتیوں کی بس کو پوڑی ضلع کے دھوم کوٹ سے 70 کلومیٹر آگے تیمری گاؤں کے نزدیک حادثہ کی اطلاع ملی۔ جس کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے واقعہ پر روانہ کردی گئیں۔ مذکورہ بس لالڈھنگ ہریدوار سے کاراگون آرہی تھی۔ جس میں تقریباً 45 افراد سوار بتائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی آر ایف جنرل کی ہدایات کے مطابق سری نگر، کوٹ دوار، ستپولی اور رودر پور سے ریسکیو ٹیمیں جائے واقع پر روانہ ہو گئی ہیں۔
دوسری جانب پوڑی ضلع میں بس حادثے کی اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی سکریٹریٹ میں واقع ڈیزاسٹر کنٹرول روم پہنچے۔ انہوں نے حکام سے حادثے کی تفصیلات دریافت کیا۔ انہوں نے پوڑی کے ضلع مجسٹریٹ سے فون پر بات کی اور انہیں راحت اور بچاؤ کے کام کو پوری چوکسی کے ساتھ انجام دینے کی ہدایت دی۔
وزیراعلی پشکر سنگھ دھامی نے ریاستی ڈیزاسٹر کنٹرول روم کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں اور ضلعی عہدیداروں سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سطح سے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔ انہوں نے ایم ایل اے لینس ڈاؤن سے بھی فون پر بات کی۔ انہوں نے اترکاشی میں واقعہ کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بھی دریافت کیا۔
اس کے ساتھ ہی مسٹر دھامی نے ٹویٹ کیا کہ یہ بہت افسوسناک واقعہ ہے۔ بس میں تقریباً 45 افراد سوار تھے۔ بس گہری کھائی میں جا گری ہے۔ میں نے وہاں کے عہدیداروں سے بات کی ہے۔ میں خود سب سے بات کر رہا ہوں کہ بچاؤ کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے۔ ہماری کوشش ہے کہ ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔ اس کے بعد دوسری ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔ وہاں کے گاؤں والوں کی طرف سے بھی بچاؤ کا کام کیا جا رہا ہے۔ ایشور سے دعا ہے کہ سب محفوظ ہوں۔