اب بین الاقوامی سرحدکشیدگی

0
0

ہند پاک افواج کے درمیان شدیدگولی باری،بی ایس ایف اہلکارکی ہلاکت
لازوال ڈیسک

جموں؍؍قریب ایک ماہ کے وقفے کے بعد سانبہ جموں میں ہند پاک بین الاقوامی سرحد پر دونوں ملکوں کے فوجیوں نے ایک مرتبہ پھر ایک دوسرے پر اپنی بندوقوں کے دہانے کھول دئے جس کے نتیجے میں سرحدی حفاظتی فورس کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق جموں کے مختلف سرحدی سیکٹروں میں ہند پاک افواج کے درمیان جاری گولی باری کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔حالانکہ کئی موقعوں پر کئی روز تک سکوت بھی چھایا رہا لیکن صورتحال بدستور انتہائی کشیدہ بتائی جاتی ہے۔حالیہ ہفتوں کے دوران آر پار گولی باری کے زیادہ تر واقعات لائن آف کنٹرول پر پیش آئے۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سانبہ میں ہند پاک بین الاقوامی سرحد پر ستمبر کے مہینے میں پاکستانی فوج کی طرف سے سیز فائر کی خلاف ورزی کے کئی واقعات پیش آئے، تاہم بعد میں وہاں خاموشی چھا گئی۔ذرائع کے مطابق قریب ایک ماہ کے وقفے کے بعد سانبہ ضلع کے گھگوال علاقے میں آر پار فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق پاکستانی رینجرس نے جمعرات کی صبح بی ایس ایف کی اگلی چوکیوںکی طرف خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی ۔بی ایس ایف نے اسے سیز فائر کی خلاف ورزی قرار دیا ہے ۔بی ایس ایف اہلکاروں نے بھی مورچہ سنبھالتے ہوئے جوابی کارروائی کی اور اس طرح طرفین کے مابین گولی باری ہوئی جو کچھ دیر تک جاری رہی ۔ذرائع نے بتایا کہ دونوں طرف کی افواج کے درمیان گولی باری کے دوران ہلکے خود کار ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا جبکہ بعد میں سرحد پار سے مارٹر شیلنگ بھی کی گئی ۔آر پار گولی باری کے نتیجے میں منگو چک نامی سرحدی حفاظتی فورس کی چوکی کے نزدیک گشت پر ماموربی ایس ایف173بٹالین سے وابستہ کانسٹیبل تپن منڈل نمبر12080520بری طرح سے زخمی ہوا۔ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ اہلکار کو فوری طور پر ستواری میں قائم فوجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔فائرنگ کے بعد گشت کا عمل تیز کردیا گیا جبکہ بی ایس ایف اور پولیس کے کئی سینئر افسران نے بھی علاقے کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا