- محبوبہ مفتی نے کشمیری فوٹو جرنلسٹ کی رہائی کا معاملہ راجناتھ سنگھ کے ساتھ اٹھایا
یواین آئی - سرینگر؍؍ جموں و کشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ انہوں نے قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی طرف سے گرفتار کئے گئے کشمیری فوٹو جرنلسٹ کامران یوسف کی رہائی کا معاملہ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے ساتھ اٹھایا ہے۔ محترمہ مفتی نے اتوار کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ’کامران یوسف کیس پر نظرثانی کرنے کے لئے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ جی سے بات کی۔ میں نے وزیر داخلہ سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں ذاتی طور پر مداخلت کریں تاکہ ایک ابھرتے ہوئے صحافی کی زندگی برباد نہ ہو‘۔ کامران یوسف کو گذشتہ برس 5 ستمبر کو این آئی اے نے گرفتار کرکے دہلی منتقل کیا تھا۔ اسے اور 11 دیگر لوگوں کو غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق قانون کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔