لکھنؤ، //آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس اُترپردیش کے زیراہتمام چوالیسویں ’نیشنل کانفرنس آن یونانی میڈیسن‘ رامپور میں 10 دسمبر 2023 کو پروفیسر مشتاق احمد کی صدارت میں منعقد ہوگی۔ آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس اُترپردیش کے صدر ڈاکٹر ایس ایم احسن اعجاز نے بتایا کہ اُترپردیش میں طب یونانی کی صورت حال کے عنوان پر رامپور میں مذکورہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت صوبہ اُترپردیش اور ملک کے دوسرے صوبوں میں بھی طب یونانی مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔ اسی مناسبت سے ہم نے پروگرام کا عنوان ترتیب دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے انعقاد کے لیے بطور کنوینر آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس اُترپردیش کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر محمد عبدالسلام خاں کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ یہ فیصلہ ڈاکٹر محمد شجاع الدین کی صدارت میں آل انڈیا یونانی طبّی کانگریس اُترپردیش کی منعقدہ میٹنگ لکھنؤ میں ہوا۔ واضح ہو کہ طب یونانی کے حوالے سے اہم شخصیات جن میں خاص طور سے پروفیسر عبدالوحید (ڈائرکٹر یونانی سروسز، حکومت اترپردیش)، پروفیسر نفاست علی انصاری (پرنسپل گورنمنٹ تکمیل الطب کالج، لکھنؤ)، پروفیسر سعود علی خاں (سابق پرنسپل اے کے ٹی کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی)، ڈاکٹر محمد سکندر حیات صدیقی (سابق ڈائرکٹر یونانی سروسز، حکومت اترپردیش)، ڈاکٹر محمد جمال (سابق پرنسپل گورنمنٹ تکمیل الطب کالج، لکھنؤ) کے علاوہ ڈاکٹر سیّد احمد خاں، محمد خالد (نیتاجی)، ڈاکٹر منی رام سنگھ، ڈاکٹر عبدالسلام فلاحی، ڈاکٹر حبیب شرکت کریں گے۔