حیدرآباد //اسپتال کے انتہائی نگہداشت والے شعبہ (آئی سی یو) میں زیرعلاج مریض کو چوہے کے کاٹنے کے واقعہ کے بعد کاماریڈی سرکاری میڈیکل کالج اینڈ جنرل اسپتال کے دو سینئرڈاکٹرس کو معطل کرنے تلنگانہ حکومت کے فیصلہ کے خلاف ریاست بھر میں سرکاری ڈاکٹرس نے بڑے پیمانہ پر احتجاج کیا۔آوٹ پیشنٹ کے اوقات میں چند منٹ کے لئے معمول کی ڈیوٹی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے تلنگانہ ٹیچنگ گورنمنٹ ڈاکٹرس ایسوسی ایشن (ٹی ٹی جی ڈی اے) کے ارکان نے اس فیصلہ کو واپس لینے کے اپنے مطالبہ کا اعادہ کیا۔انہوں نے سیاہ بیاچس لگاتے ہوئے ریاستی حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ٹی ٹی جی ڈی اے ارکان نے کہاکہ وہ چلو ڈی ایم ای پروگرام کا آغازکریں گے اور حکومت اپنے فیصلہ کو واپس نہیں لیتی ہے تو وہ ریاست گیراحتجاج کریں گے۔