برہموس کے سابق سائنسدان کو عمر قید کی سزا
یواین آئی
ناگپور (مہاراشٹر)؍؍ناگپور کی ضلعی اور سیشن عدالت نے برہموس ایرو اسپیس پرائیویٹ لمیٹڈ (بی اے پی ایل) کے ایک سابق سائنسدان کو پاکستان کی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کو حساس معلومات فراہم کرنے کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی ہے۔
سابق بی اے پی ایل انجینئر پر تعزیرات ہند اور سخت او ایس اے کی مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا تھا۔ انہوں نے بی اے پی ایل میں چار سال تک کام کیا تھا اور ان پر آئی ایس آئی کو حساس تکنیکی معلومات لیک کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج ایم وی دیشپانڈے نے اپنے حکم میں سابق سائنسدان نشانت اگروال کو آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 66(f) اور کوڈ آف کریمنل پروسیجر کی دفعہ 235 کے تحت مجرم قرار دیا جو کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ (او ایس اے) کی مختلف دفعات کے تحت قابل سزا ہیں۔عدالت نے اسے آفیشل سیکریٹ ایکٹ (او ایس اے) کی دفعہ 3 اور 5 کے تحت قصوروار پایا۔ ان پر 3000 روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں انہیں تین ماہ کی سخت قید بھگتنا ہوگی۔
اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر جیوتی وجانی نے کہا کہ عدالت نے اگروال کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت عمر قید اور 14 سال کی سخت قید (آر آئی اے) کی سزا سنائی اور 3000 روپے کا جرمانہ عائد کیا۔ناگپور میں برہموس میزائل سینٹر کے ٹیکنیکل ریسرچ ونگ میں کام کرنے والے اگروال کو 2018 میں اتر پردیش اور مہاراشٹر کے ملٹری انٹیلی جنس اور انسداد دہشت گردی اسکواڈز (اے ٹی ایس) کے مشترکہ آپریشن میں گرفتار کیا گیا تھا۔برہموس ایرو اسپیس ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) اور روسی ملٹری انڈسٹریل کنسورشیم (این پی او مشینوسٹروئنیا) کے درمیان ایک مشترکہ پروجیکٹ ہے۔