عام آدمی پارٹی کی اپیل پر 31 مارچ کو ’انڈیا‘اتحادکاملک گیراحتجاج آج
نئی دہلی؍؍عام آدمی پارٹی کی اپیل پر 31 مارچ کو ’انڈیا‘اتحاد عوام کے ساتھ مل کر آمریت کے خلاف اور ملک کی جمہوریت اور آئین کو بچانے کے لیے آواز بلند کرے گا۔عام آدمی پارٹی کے دہلی کے ریاستی کنوینر گوپال رائے نے آج رام لیلا میدان کا دورہ کرنے اور تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ اتوار کو ہونے والی ریلی میں کانگریس کے ملکارجن کھڑگے، سونیا گاندھی، راہل گاندھی، پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان، جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ چمپئی سورین، این سی پی کے شرد پوار، شیو سینا کے ادھو ٹھاکرے، ایس پی کے اکھلیش یادو، آر جے ڈی کے تیجسوی یادو اور بائیں بازو کی جماعتوں کے لیڈروں سمیت کئی دوسرے لیڈر شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے آئین اور جمہوریت کو بچانے کا یہ آخری موقع ہے۔ اگر آج ملک کے عوام نے آواز نہیں اٹھائی تو کل کوئی آواز نہیں اٹھا سکے گا۔مسٹر گوپال رائے نے کہا کہ ملک کے وزیر اعظم نے جس طرح سے آمرانہ رویہ اپنایا ہے اور دہلی کے منتخب وزیر اعلی اروند کیجریوال کو گرفتار کیا ہے اس کے خلاف پوری دہلی کے لوگوں میں غصہ ہے۔ ملک بھر میں جمہوریت کا قتل ہو رہا ہے۔ ایجنسیوں کے غلط استعمال کے خلاف اتوار کو رام لیلا میدان میں ’’مریت ہٹاؤ، جمہوریت بچاؤ‘‘میگا ریلی میں انڈیا اتحاد پہنچ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج آئین اور جمہوریت کا قتل کیا جا رہا ہے۔ ایجنسیوں کا غلط استعمال ہو رہا ہے۔ لوگوں کی آوازوں کو مختلف طریقوں سے خاموش کیا جا رہا ہے۔ ایسے میں آمرانہ حکومت کو ہٹا کر جمہوریت کو بچانا ضروری ہو گیا ہے۔ دہلی کے لوگوں نے دیکھا کہ کس طرح مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ کی آئینی بنچ کے ذریعہ دہلی کے لوگوں کو دیئے گئے حقوق چھین لئے۔
عام آدمی پارٹی (آپ) نے ہفتہ کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی آمریت کے خلاف اب پورا ملک متحد ہو رہا ہے۔آپ کے لیڈر دلیپ پانڈے نے کابینی وزیر کیلاش گہلوت کو موصول ہونے والے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سمن پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ’’جس دن ای ڈی کوئی سمن جاری نہیں کرتا،اس دن ہمارے لیے بہت حیرانی کی بات ہوتی ہے۔‘‘
مسٹر پانڈے نے کہا ‘ بی جے پی کی آمریت کے خلاف اب پورا ملک متحد ہو رہا ہے۔ ہم نے پورے ملک سے بی جے پی کی غنڈہ گردی اور اروند کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے کی اپیل کی ہے۔ ہم یہاں پہنچ کر اپنے حقوق اور انصاف کے لیے آواز اٹھائیں گے۔آپ کے لیڈر نے کہا "بی جے پی ابھی تک جواب نہیں دے رہی ہے کہ اس نے شرت چند ریڈی سے 60 کروڑ روپے کیوں لئے؟ اس کا جواب بی جے پی کو دینا پڑے گا۔ بی جے پی سب کچھ کرے گی لیکن اصل مسئلہ پر بات نہیں کرے گی۔ ای ڈی کی جانب سے اصل معاملے سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ مبینہ شراب گھوٹالہ معاملے میں دہلی کے وزیر ٹرانسپورٹ کیلاش گہلوت سے آج ای ڈی کے دفتر میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اس معاملے میں جانچ ایجنسی پہلے ہی دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال سمیت آپ کے کئی لیڈروں کو گرفتار کر چکی ہے۔