ضلعی باڈیز اور پارٹی کی دیگر اکائیوں کی مختصر مدت میں تشکیل نو کی جائے گی:ولکشن سنگھ
لازوال ڈیسک
جموں؍؍دودھڑوں میں تقسیم جموں وکشمیرنیشنل پینتھرس پارٹی کے ولکشن سنگھ صدر، جے اینڈ کے نیشنل پینتھرس پارٹی (جے کے این پی پی) کے دھڑے نے آج جموں میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں پارٹی کی نئی تشکیل شدہ ریاستی اکائی کا اعلان کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ولکشن سنگھ نے بتایا کہ پروفیسر بھیم سنگھ کے انتقال کے بعد پارٹی کی ورکنگ کمیٹی نے 19.06.2022 کو اپنی میٹنگ میں انہیں پارٹی کا صدر منتخب کیا۔ انہوں نے میڈیا کو مزید بتایا کہ پارٹی کی ورکنگ کمیٹی نے 14.04.2023 کو ہونے والے اجلاس میں انہیں ایک بار پھر دو سال کی مدت کے لیے پارٹی کا صدر منتخب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ جموں و کشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی کی ریاستی باڈی کی تشکیل نو کی جائے گی۔ سنگھ نے کہا کہ پارٹی کے آئین کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے انہوں نے پارٹی کی ریاستی باڈی کی تشکیل نو کی ہے۔ مذکورہ باڈی کی مدت ایک سال ہوگی۔ پارٹی کی نئی تشکیل شدہ ریاستی باڈی درج ذیل پر مشتمل ہے:- نائب صدور :شیو چرن سنگھ سینئر نائب صدر، سلیم شیخ ایڈووکیٹ اور ایڈووکیٹ اشفاق احمد شاہ۔جنرل سیکرٹریز:حقیت سنگھ جموال، ایس پرمجیت سنگھ مارشل، نریش چب، بلوان سنگھ، ش۔ گنونت سنگھ اور راجیش گوندھی جبکہ ریاستی سکریٹریزمیںرویندر جموال، جہانگیر احمد خان، حکیم عارف علی اور جگدیش سنگھ بندرال شامل ہیں۔صوبائی صدورمیںشام گورکھا (جموں) اور فاروق احمد ڈار (کشمیر)اورریاستی صدر (خواتین ونگ)کیسر پروین، ایڈووکیٹ کوذمہ داریاں دی گئی ہیں۔سنگھ نے کہا کہ ضلعی باڈیز اور پارٹی کی دیگر اکائیوں کی مختصر مدت میں تشکیل نو کی جائے گی۔ انہوں نے میڈیا کو یہ بھی بتایا کہ پارٹی 09-07-2023کو نیو پیلس بینکوسٹ ہال وکاس نگر سروال جموں میں اپنے مندوبین کا ایک مکمل اجلاس منعقد کرے گی تاکہ پارٹی کی مستقبل کی حکمت عملی طے کی جاسکے۔ انہوں نے پارٹی کے تمام کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ پروفیسر بھیم سنگھ جی کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے اور بی جے پی کی ان غلط کاریوں کو بے نقاب کرنے کے لیے زیادہ جوش و خروش کے ساتھ کام کریں جس نے تقریباً پوری عوام کو سڑکوں پر آنے پر مجبور کر دیا ہے۔ سنگھ نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں جان بوجھ کر تاخیر کی جا رہی ہے کیونکہ بی جے پی اپنی شکست کا اندازہ لگا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنے نمائندوں کے انتخاب کے حق سے محروم کرنا جمہوری ملک میں انتہائی وحشیانہ فعل ہے۔ سنگھ نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ پارٹی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے پورے دل سے کام کریں جو ہمیشہ غریبوں اور پسماندہ لوگوں کی بہتری کے لئے کھڑی رہی ہے۔