’اِدھردربارکھلے گااُدھردنیشورشرماکادربارسجے گا‘

0
0

مرکزی مذاکراتکار4روزہ دورے پہ 6نومبرکوسرینگرواردہونگے،2روزتک جموں میں رہیں گے موجود

لازوال ڈیسک

جموں؍؍ مرکز کی طرف سے نامزدمذاکرات کار دنیشور شرمااگلے ہفتے سے اپنا’’مشن کشمیر ‘‘شروع کرکے6نومبر سوموار کو پہلے دورے پر وادی وارد ہوکر زندگی کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے گروپوں اور افراد سے مذاکرات کا آغاز کریں گے۔دنیشورشرما وادی میں چار دن اور جموں میں دوروز کے قیام کے دوران وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور گورنر این این ووہرا کے علاوہ سیکورٹی ایجنسیوں اور دیگر سرکاری حکام سے بھی ملاقی ہونگے۔تفصیلات کے مطابق مسئلہ کشمیر اورجموںکشمیر سے جڑے دیگر معاملات کے بارے میں ریاست کے سبھی طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے گروپوں اور افراد کی رائے جاننے کیلئے حکومت ہند کی طرف سے نامزد کردہ دنیشور شرماآئندہ ہفتے اپنے مشن کشمیر کا آغاز کر رہے ہیں ۔دنیشور شرما مرکزی خفیہ ایجنسی انٹیلی جنس بیورو یعنی آئی بی کے سابق سربراہ ہیں اور انہیں حال ہی میں مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کشمیر کے بارے میں مذاکرات کار کی حیثیت سے مقرر کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریاست میں باضابطہ طور اپنی سرگرمیوں کا آغاز کرنے کیلئے مذاکرات کار نے حال ہی میں مرکزی وزیر داخلہ کے ساتھ ملاقات کرکے اپنے منڈیٹ کی تفاصیل حاصل کیں۔معلوم ہوا ہے کہ مذاکرات کارکی سرگرمیوں کے حوالے سے جو خاکہ مرتب کیا گیا ہے ، اسکے مطابق وہ تقریباًہر ماہ ریاست کا دورہ کرکے مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی حلقوں کے علاوہ طلباء ، سول سوسائٹی ، تاجر تنظیموں اور دیگر انجمنوںسے وابستہ لوگوں سے ملیں گے۔دنیشور شرما سے کہا گیا ہے کہ وہ جموں کشمیر میں تمام طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے ساتھ بات چیت کو یقینی بنائیں جن میں علیحدگی پسند حلقے بھی شامل ہیں۔دنیشور شرماکو بات چیت کے بعد اپنی سفارشات پر مبنی رپورٹ پیش کرنے کیلئے کہا گیا ہے، تاہم اس کے لئے کوئی ٹائم فریم مقرر نہیں کیا گیا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مرکزی مذاکرات کار6نومبرسوموار کو ریاست کے پہلے دورے پر سرینگر وارد ہونگے اور باضابطہ طور اپنا کام کاج شروع کریں گے۔مرکزی وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دنیشور شرما اپنے پہلے دورے کے تحت مجموعی طور6روز تک ریاست میں قیام کریں گے جن میں سے وہ4دن وادی جبکہ دو دن جموں میں گزاریں گے۔ذرائع نے بتایا کہ مرکزی مذاکرات کار اپنی سرگرمیوں کی شروعات سرینگر میں طلباء اور نوجوانوں کی انجمنوںکے نمائندوں کے ساتھ بات چیت سے کریں گے۔سابق آئی بی چیف سرینگر میں قیام کے دوران سیاسی پارٹیوں کے ساتھ ساتھ دیگر گروپوں اور افراد کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ذرائع کے مطابق دنیشور شرما ریاست کے سرکاری حکام کے ساتھ ساتھ سیکورٹی ایجنسیوں سے وابستہ سینئر اہلکاروں کے ساتھ ریاست کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ ان کا وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور گورنر این این ووہرا کے ساتھ بھی ملاقات کا پروگرام ہے۔معلوم ہوا ہے کہ مرکزی مذاکرات کار وادی میں چاروزہ قیام کے بعد جموں روانہ ہونگے جبکہ وہ اپنے اگلے دورے کے دوران لداخ کا دورہ کریں گے۔ (مشمولات:کے ایم این /یواین آئی)۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا