ناگنی گڈ کیشوان میں ایکو گاڑی حادثے کا شکار، دو سگے بھائیوں سمیت 6 افراد ہلاک
بابر فاروق/ محمد اشفاق
کشتواڑ ؍؍ضلع کشتواڑ میں سڑک حادثوں کا نہ تھمنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، بھیانک ترین سڑک حادثوں کے سلسلے میں ایک اور کڑی جڑ گئی، پیر کے روز ضلع کے ناگنی گڈ کیشوان میں ایک ایکو گاڑی زیر نمبر JK-17-5089ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، اور ایک شخص شدید زخمی ہو گیا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔حادثے کے اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ، غیر سرکاری تنظیموں کے رضاکاروں ، فوج اور پولیس کی ایک بڑی تعداد جائے حادثہ کی طرف دوڑ پڑی اور بچاؤ کاروائی شروع کر دی۔آخری اطلاعات ملنے تک تمام لاشیں جائے حادثہ سے نکال لی گئی تھیں، اس حادثے کی خبر ملتے ہی ضلع کشتواڑ کے متعدد سیاسی و سماجی رہنماؤں نے تعزیتی پیغامات جاری کر دیئے۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت عبدل لطیف ولد سندو راتھر ساکنہ ناگنی گڈ، محمد عرفان ولد غلام حیدر ساکنہ ناگنی گڈھ، عطا محمد ولد غلام احمد بٹ ساکنہ پانتھنہ، عبدل رحمان ولد غلام احمد بٹ ساکنہ پانتھنہ غلام حسن ولد غلام محمد بٹ اور زبیر احمد ولد عطا محمد ساکنہ پانتھنہ کے طور پر کی گئی۔واضح رہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے دو افراد عبدل رحمان و عطا محمد ولد غلام احمد بٹ سگے بھائی تھے۔