نئی دہلی،// پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے تیسرے دن بدھ کے روز راجیہ سبھا کا اجلاس تقریباً ایک سال کے بعد بلا تعطل چلا اور اس نے اپنے سبھی طے شدہ کام مکمل کئے۔
ایوان کا اجلاس آج صبح 10 بجے شروع ہوا اور سہ پہر 3 بجے تک چلا۔ اس دوران چیرمین ایم وینکیا نائیڈو نے افتتاحی خطاب کیا اور اس کے بعد وقفہ صفر اور وقفہ سوالات بخوبی نمٹایا گیا۔ کورونا بحران کے باعث عام دنوں میں چلنے والی وقفہ صفر کی کارروائی ایک گھنٹے سے کم کر کے آدھے گھنٹے کر دی گئی ہے، جب کہ عوام سے متعلق وقفہ سوالا ت پہلے کی طرح ایک گھنٹہ تک چلا۔ اس کے بعد صدر جمہوریہ کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بہتر طریقے سے بحث ہوئی۔ اس دوران اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے نے اپنی تقریر کی۔ اپوزیشن لیڈر کی پوری تقریر کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی ایوان میں موجود رہے۔
کورونا وبا کی وجہ سے ارکان پارلیمنٹ کے بیٹھنے کا نیا انتظام کیا گیا ہے جس کی وجہ سے راجیہ سبھا کے کچھ ارکان لوک سبھا کے چیمبروں اور گیلریوں میں بیٹھتے ہیں۔ لوک سبھا کی کارروائی راجیہ سبھا کی کارروائی ختم ہونے کے بعد 4 بجے شروع ہوئی۔
راجیہ سبھا کی میٹنگ مسلسل چار اجلاسوں کے دوران 41 نشستوں کے بعد کسی تعطل کے بغیر رہی۔ ایوان کی آخری بلاتعطل نشست گزشتہ بجٹ اجلاس کے دوران 19 مارچ 2021 کو منعقد ہوئی تھی۔ یہ راجیہ سبھا کا 253 واں اجلاس تھا۔ تاہم 13 دسمبر 2021 کو نجی ارکان کے قانونی کام کاج کے دوران بھی ایوان کی کارروائی بلا تعطل رہی تھی۔ اس دوران ایوان میں کوئی شور شرابہ نہیں ہوا۔