مثبت معاملات کے اِضافے سے نمٹنے کیلئے اُٹھائے گئے اِقدامات پر تبادلہ خیال کیا
ویکسینین وَبائی مرض سے نمٹنے کیلئے سب سے مؤثر ذریعہ ،ہماری توجہ فرنٹ لائن ورکروں اور بزرگ شہریوں کیلئے احتیاطی خوراک دینا ہے : ایل جی سنہا
لازوال ڈیسک
جموں / نئی دہلی؍؍لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج کووِڈ ٹاسک فورس کے اَرکان ، ضلع ترقیاتی کمشنروں اور ایس پیز کے ساتھ کووِڈ۔19 کی صورتحال کا جائزہ لیااور مثبت معاملات کے اِضافے سے نمٹنے کے لئے جموںوکشمیر یوٹی میں اُٹھائے گئے مختلف اِقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ابتداً ،ضلع ترقیاتی کمشنروں نے لیفٹیننٹ گورنر کو اَپنے متعلقہ اَضلاع میں کووِڈ اورٹیکہ کاری صورتحال، کووِڈ مناسب طرز عمل( سی اے بی) کی عمل آوری اور دیگر متعلقہ اِقدامات کے بارے میںمعلومات فراہم کیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ بڑھتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر عوام الناس کو کووِڈ مناسب طرز عمل( سی اے بی) اور کووِڈ ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ گھریلو آئیسولیشن کے دوران مریضوں کی دیکھ ریکھ کے لئے عوام میں بیداری پھیلانے پر توجہ دیں۔ اُنہوں نے کہا،’’ہمیں گھریلو آئیسولیشن مریضوں تک پہنچنا چاہیے اور متعلقہ صحت حکام کو اِس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ان کی روزمرہ ضروریات ، اَدویات وغیرہ کا پوری حساسیت کے ساتھ خیال رکھا جائے۔‘‘اُنہوں نے متعلقین کو جاری ٹیکہ کاری مہم کو تیز کرنے کی بھی ہدایت دی ۔لیفٹیننٹ گورنر نے زور دے کر کہا،’’ٹیکہ کاری وَبائی مرض سے نمٹنے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔ہماری توجہ فرنٹ لائن ورکروں اور بزرگ شہریوں کے لئے احتیاطی خوراک دینا ہے ۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے ان علاقوں میں ٹیسٹنگ کو بڑھانے کے لئے واضح ہدایات جاری کیں جہاں زیادہ کووِڈمثبت معاملات کی رپورٹ آرہی ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ مقامی اِنتظامیہ کو مثبت معاملات کی شرح کو کم کرنے کی پوری کوشش کرنی چاہیے اور یہ بھی یقینی بنانا چاہیے کہ تمام ضرورت مند اَفراد کو مطلوبہ طبی سہولیات دستیاب ہوں۔اُنہوں نے کہا ،’’ حکام کو صحت عامہ اور معاشی سرگرمیوں کی رفتار کے تحفظ کے لئے مقامی کنٹین منٹ پر زیادہ توجہ دینی چاہیے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کووِڈ۔19 مریضوں میں بیداری پیدا کرنے کے لئے موبائل کلینک کے اِستعمال پر بھی زور دیا جو گھریلو آئیسولیشن اور دیہی علاقوں میں ہیں۔اِس سے قبل ایڈیشنل چیف سیکرٹری صحت و طبی تعلیم محکمہ وویک بھارد واج نے کووِڈ۔19 صورتحال اور خطرے کی سطح ، جانچ کی صورتحال ، رابطے کا پتہ لگانے اور جموںوکشمیر یوٹی میں ٹیکہ کاری کے بارے میں تفصیلی اعداد شمار پیش کئے۔اُنہوں نے میٹنگ کو جانکاری دی کہ 15برس سے 18برس تک کی عمر کے گروپ کے لئے ٹیکہ کاری مہم پورے جموںوکشمیر یوٹی میں شد و مد سے جاری ہے اور چار اَضلاع پہلے ہی 15برس سے 17برس تک عمر کے گروپ کے لئے ٹیکہ کاری کی پہلی خوراک کا صدفیصد ہدف حاصل کرچکے ہیں۔بعد میں لیفٹیننٹ گورنر نے صحت دیکھ ریکھ اور فرنٹ لائن کارکنوں کو جموںوکشمیر یوٹی میں 2کروڑ کووِڈ ویکسی نیشن کرنے کے تاریخی نشان کو مکمل کرنے پر مبارک باد دی۔ اُنہوں نے تمام متعلقہ ایجنسیوں کی کوششوں اور کام کی تعریف کی جو کووِڈ وبائی بیماری سے نمٹنے کے لئے دِن رات کام کر رہی ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے گذشتہ اِجلاسوں میں منظور کی گئی ہدایات پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا۔ لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ خزانہ اتل ڈولو ، سول اور پولیس اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران نے ذاتی طور پر بذریعہ ورچیول موڈ میٹنگ میں شرکت کی۔