اولیاء کرام نے بر صغیر کے اسلامی تشخص کو اْجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا:علماء کرام
سرفرازقادری
مینڈھر؍؍مینڈھر کے ڈھرانہ کی مسجد شریف مقدمہ محلہ میں قاضی صادق صاحب رحمتہ اللہ علیہ کا عرس پاک بڑی عقیدت و احترام سے منایاگیا۔ عرس پاک کے موقع پر صبح سے قرآن خوانی اور ختمات المعظمات ذکر و ازکار ہوا بعدہ علماء کرام نے تعلیمات اولیاء کرام پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایاکہ اسلام کی وہی تعبیر و تشریح درست اور جامع ہے جو صوفیاء کرام نے پیش کرکے بر صغیر سے کفرو شرک کے اندھیروں کو دور کیا اولیاء کرام کی تعلیمات میں کسی قبر کو سجدہ کرنا جائز نہیں ہے لیکن انہوں نے مزارات اولیاء کو فیض کے سر چشمے قرار دیا اور انہیں دعاوں کی قبولیت کا مقام سمجھا اور انکے وسیلے سے دعاوں کی قبولیت کو جائز قرار دیا ۔برصغیر میں جن اولیاء کرام نے شدید طوفانوں میں توحید کا پرچم بلند رکھا آج انکے عقیدہ توسّْل کو شرک کہنا مبینہ فرقہ واریت ہے جس کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ہے ۔صوفیاء کرام کی تعلیمات ہی سے نام نہاد روشن خیالی ،فرقہ واریت اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے ۔مزارات اولیاء نے بر صغیر کے اسلامی تشخص کو اْجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔انہی مزارات کے فیض یافتگان نے اسلام کا پرچم بلند رکھا تاریخ اِسلامی میں مزارات اولیاء سے کروڑوں مسلمان روحانی تسکین پاتے رہے ہیں ۔اہلسنت والجماعت کا سَر فخر سے بلند ہے کہ ہم انہیں اولیاء کرام کے عقائد اور عقیدت کے حامل ہیں۔ عرس پاک کے آخر میں صلاۃ و سلام کے بعد عالم اسلام کے امن و امان اور کرونا وبا کے خاتمے کے لیے دعا کی گئی اور لنگر تقسیم ہوا اس موقع پر کثیر تعداد میں علماء کرام اور عوام نے شرکت کی۔