درود وسلام وہ پاکیزہ عمل ہے جو انسان کے تن من کو ہر قسم کی آلائشوں، کثافتوں اور آلودگیوں سے پاک و صاف کر دیتا ہے: مولانا بشارت ثقافی
سرفرازقادری
پونچھ؍؍مدرسہ غوثیہ قادریہ سلونیاں منڈی میں حضرت پیر سیدحسنین القادری رحمتہ اللہ علیہ کا یک روزہ سالانہ عرس پاک زیرصدارت پیراحمدمیاں تزک و احتشام سے منایاگیا۔ عرس پاک کے موقع پر صبح سے ختمات المعظمات ذکر و ازکار ہوا بعدہ مقررخصوصی مولانا حافظ بشارت حسین ثقافی بانی مدرسہ جامعہ معین السنہ ڈینگلہ نے درود پاک کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایاکہ درود و سلام اللہ تعالیٰ کی ان با برکت نعمتوں میں سے ہے جو اپنے دامن میں بے پناہ فیوض و برکات سمیٹے ہوئے ہیں۔ یہ ایسی لازوال دولت ہے کہ جسے مل جائے اس کے دین و دنیا سنور جاتے ہیں۔ درود و سلام محبوبِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعریف، اللہ تعالیٰ کی رحمت کا خزانہ، گناہوں کا کفارہ، بلندیِ درجات کا زینہ، قربِ خداوندی کا آئینہ، خیر و برکت کا سفینہ ہے۔ مجلس کی زینت، تنگ دستی کا علاج، جنت میں لے جانے والا عمل، دل کی طہارت، بلاؤں کا تریاق، روح کی مسرت، روحانی پریشانیوں کا علاج، غربت و افلاس کا حل، دوزخ سے نجات کا ذریعہ اور شفاعت کی کنجی ہے۔ درود وسلام وہ پاکیزہ عمل ہے جو انسان کے تن اور من کو ہر قسم کی آلائشوں، کثافتوں اور آلودگیوں سے پاک و صاف کر دیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر بڑا مہربان ہے۔ اس کی رحمت بندوں کی بخشش کے بہانے تلاش کرتی رہتی ہے۔ اللہ تعالی کے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود و سلام بھیجنا بھی انہی بخشش کے بہانوں میں سے ایک ہے۔ درود و سلام پڑھنے کی برکت کا اندازہ اس بات سے ہو رہا ہے کہ ربّ العزت درود پڑھنے والے پر خود درود بھیجتا ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات گرامی سے والہانہ عقیدت و محبت جزوِ ایمان ہے۔ اس کے بغیر ایمان کی تکمیل نہیں ہوتی۔ درود و سلام پڑھنا، محبتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دلیل ہے۔ کثرت سے درود و سلام پڑھنے والے کو روزِقیامت قربِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نعمت سے فیض یاب کیا جائے گا۔ عرس پاک کے آخرمیں صلاۃ و سلام کے بعد عالم اسلام کے لیے دعا ہوئی اور لنگر تقسیم ہوا۔ نظامت کے فرائض مولانا سلیم قادری بانی مدرسہ ھٰذا نے انجام دیئے۔ اس موقع علماء کرام اور کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔