انتظامیہ گجربکروال طبقے پہ ظلم سے بازنہ آئی تومال مویشی سمیت سڑکوں پراُتریں گے:ظہور احمد کسانہ
ایم شفیع رضوی
جموں؍؍نوجوان سماجی کارکن و گجر بکروال یوتھ ویلفیئر کانفرنس کے صوبائی سیکریٹری ظہور احمد کسانہ نے جے ڈی اے کی جانب سے اپر پلوڑہ جموں میں انہدامی کاروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ توڑ پھوڑ غیر انسانی اور وحشیانہ فعل ہے ۔آخر گجر بکروال طبقہ کے خلاف ہی ایسی کاروئیاں کیوں ہوتی ہیں ۔جے ڈی اے نے جان بوجھ کر گجر بکروال خاندانوں کو نشانہ بنایاجو1947 سے قانونی مقیم کے طور پر وہاں رہ رہے ہیں۔وہیں جے ڈی اے کی ہٹ دھرمی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جے ڈی اے نے تجاوزات کے خلاف مہم کی آڑ میں مسمار کرنے کی مہم شروع کی اور غریب گجر خاندانوں کے رہائشی مکانات کی توڑ پھوڑ کی جہاں وہ کئی دہائیوں سے مویشیوں کے ساتھ رہ رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ رہائشیوں نے خود میڈیا کو بتایا کہ وہ 1947 سے یہاں کی اراضی پر قابض ہیں اور ان کے پاس 1988 کی صحت کاشت (مالی دستاویز) ہے لیکن اچانک جے ڈی اے نے ملکیت کا دعویٰ کرکے زبردستی نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے کیونکہ وہ بے آواز اور سیاسی طور پر یتیم ہیں۔ کسانہ نے کہاکہ آج پلوڑہ میں گجر برادری کے لوگوں کی طرف سے کیا گیا ۔مظاہرہ جے ڈی اے کے مذموم فعل کے خلاف ایک چھوٹا سا مذمتی مظاہرہ ہے اور اگر حکومت نے مطالبات پر توجہ نہ دی تو ہم آنے والے دنوں میں مال مویشیوں کے ساتھ اپنا احتجاجی مظاہرہ جاری رکھیں گے۔