جماعت کو مضبوط و مستحکم کرنے میں کارکنا ن اپنا اہم کردار ادا کریں:معروف خان
ناظم علی خان
مینڈھرپی ڈی پی زون مینڈھر کاماہانہ اجلاس زیر صدارت پی ڈی پی کے ریاستی سیکریٹری ایڈووکیٹ محمد معروف خان منعقد ہوا جس میں حسب معمول سب ڈویژن مینڈھر سے اراکین پی ڈی پی نے شمولیت کی۔اس موقعہ پر اجلاس میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے چوہدری محمد صادق نے تمام پی ڈی پی کارکنان پر زور دیا کہ وہ پارٹی کو مضبوط و مستحکم کرنے میں اپنا رول ادا کریں ۔صادق نے کہا کہ جس طریقے سے پی ڈی پی نے پیر پنچال کی تعمیر و ترقی میں جو جامع منصوبہ مرتب کیا تھا وہ ہمیں یاد رکھنا چاہیے جبکہ اس موقعہ پر الحاج ماسٹر محمد دین پسوال نے کہا کہ ریاست گونا گوں مشکلات سے دو چار ہے لیکن گورنر انتظامیہ اس طرف کوئی دھیان نہیں دے رہی ہے کیونکہ گورنر انتظامیہ مرکز کے کہنے پر ہر فیصلہ لے رہے ہیں اور یہاں جمہوری ادروں کو خطرہ لا حق ہے لہذا ہماری ریاستی گورنر سے یہ اپیل ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے منصب کو سمجھیں اور اس کے تحت ہی ریاست کو آگے بڑھائیں۔ جبکہ اس موقعہ پر پارٹی کے سینئر لیڈر ایڈوکیٹ محمد معروف خان نے کہا کہ بڑے افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ ریاستی گورنر صرف اور صرف بی جے پی کے ہی حکم کے مطابق کام کر رہے ہیں کیونکہ لیہہ لداخ کو صوبے کا درجہ دینا خوش آئند بات ہے لیکن بد قسمتی سے خطہ پیر پنچال اور خطہ چناب کو نظر انداز کرنا یہ بات سمجھ سے باہر ہے۔معروف خان نے کہا کہ ہمیں امید تھی کہ خطہ پیر پنچال کو صوبے کا درجہ ملے گا لیکن بدقسمتی سے اس کو نظر انداز کرنا یہاں کی عوام کے ساتھ بڑا دھوکہ کیا ہے۔معروف خان نے کہا کہ اس وقت پی ڈی پی کے خلاف ریاست اور بیرون ریاست بڑی سازشیں رچائی جا رہی ہیں جس کو ناکام کرنے کیلئے پی ڈی پی اعلی قیادت کے ساتھ تمام کارکنان کاندھے سے کاندھا ملا کر ان سازشوں کو ناکام کرنے کیلئے تیار رہیں۔ کیونکہ خطہ پیر پنچال میں پی ڈی نے ہمیشہ سے ہی اس زرخیز مٹی کی تعمیر و ترقی اعلی پایہ کی تعلیم کیلئے جو منصوبہ جات اپنے دور اقتدار میں کئے ہیں وہ تاریخ کے بلند صفحات پر درج ہیں۔جبکہ اس وقت ریاست کے حالات سنگین دور سے گزر رہے ہیں کوئی بھی فیصلہ صادر کرنے سے پہلے ریاست کے کسی بھی با شعور آدمی کو اعتماد میں نہیں لیا جاتا جبکہ کوئی بھی فیصلہ مرکز سے صادر کیا جاتا ہے ا ور عملی جامہ پہنانے کیلئے ریاستی گورنر حکم صادر کر دیتے ہیں جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ گورنر انتظامیہ صرف اور صرف مرکز کے اشاروں پر نا چتی ہے۔معروف خان نے کہا کہ جس طریقے سے پارٹی کی قائد کے بیان کے تئیں ریاستی گورنر نے کہا کہ ہم ان کی اس بیان کی پر زور مذمت کرتے ہیں اور ان سے اپیل کرتے ہیں کہ آپ اپنے منصب کی ساخ کو سمجھتے ہوئے سیاسی بیان بازی سے پرہیز کریں۔اس موقعہ پر سرپنچ کوٹاں عبد القیوم خان نے پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کی جس کا ایڈوکیٹ محمدمعروف خان اور ان کے ساتھیوں نے ان کو ہار پہنا کر ان کا والہانہ استقبال کیا۔ وہیں الحاج ماسٹر محمد دین پسوال،چوہدری محمد صادق،عبد القیوم، ایڈوکیٹ اکبر حسین خان،جمیل احمد خان ممبر پنچائت حلقہ تکیہ کالابن،سجاد احمد خان ممبر پنچائت حلقہ تکیہ کالابن،ہدائت علی خان ممبر،شوکت احمد خان،محمد رشید خان،محمد فارو ق خان،۔ایڈوکیٹ انظار احمد خان،ایڈوکیٹ عمر فاروق خان،سابقہ ایس پی محمد رزاق خان،وغیرہ نے بھی اظہار خیال کیا۔