یو ا ین آئی
سری نگرمحکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں بدھ کی صبح سے بھاری برف باری جاری ہے جس کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئے ہیں۔ جاری بھاری برف باری کی وجہ سے جہاں وادی کا ملک وبیرون دنیا کے ساتھ زمینی وفضائی رابطہ منقطع ہوگیا ہے وہیں وادی کے دور افتادہ دیہات کا بھی ضلع صدر مقامات سے رابطہ منقطع ہے۔ وادی کو بیرون دنیا کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر۔جموں قومی شاہراہ تازہ برف باری اور کئی مقامات پر چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے بدھ سے لگاتار بند ہے اور سری نگر کے بین الاقوامی ائیر پورٹ پر بھی بدھ سے پروازیں لگاتار منسوخ ہیں۔ ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ جمعرا ت کو بھی ہوائی ٹرانسپورٹ بند رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ روشنی میں بہتری آتے ہی فیصلہ پر نظر ثانی کی جائے گی۔ وادی میں تازہ بھاری برف باری کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئے ہیں۔ شہر ودیہات میں سڑکوں پر بھاری مقدار میں برف جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحمل منجمد ہے جس کے باعث لوگ گھروں میں ہی محصور ہوگئے ہیں۔ بجلی کے کھمبے اور ترسیلی لائینیں گرنے آنے کی وجہ سے اہلیان وادی گھپ اندھیرے میں ہیں۔ چیف انجینئر کشمیر قاضی حشمت نے کہا کہ سری نگر میں بجلی سپلائی نارمل ہے تاہم بانڈی پورہ، گاندربل اوردیگر علاقوں میں مشکلات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی سپلائی کو بحال کرنے کے لئے برستی برف میں بھی محکمہ کا عملہ بر سر جدوجہد ہے۔ تاہم قاضی حشمت کے دعوے کے برخلاف سری نگر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی منقطع ہے۔ وادی کے مختلف علاقوں میں لگاتار برف باری کی وجہ سے ڈش اور کیبل سروسز متاثر ہوگئی ہیں جبکہ بعض علاقوں میں مواصلاتی کمپنیوں کی فون وانٹرنیٹ خدمات بھی متاثر ہوکر رہ گئی ہیں۔ ناساز گار موسمی حالات کے پیش نظر جمعرات کو ہونے والے انٹریوز ملتوی ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں ضلع بارہمولہ میں 7 جنوری کو ڈاٹا انٹری آپریٹر کے لئے ہونے والا انٹر یو ملتوی کیا گیا ہے۔ بھاری برف باری کے پیش نظر محکمہ ٹریفک نے ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں موٹر سائیکل سواروں اور پیدل سفر کرنے والوں سے سڑکوں پر پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے حد درجہ احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔ صوبائی انتظامیہ کی طرف سے برفانی تودے گر آنے کی وارننگ کے بیچ وسطی ضلع بڈگام کے کھاگ علاقے کے زوگی یار گا¶ں میں جمعرات کی صبح ایک برفانی تودہ گر آیا جس کے نتیجے میں 7 گھروں کے افراد خانہ بال بال بچ گئے تاہم اس آفت سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔جمعرات کی صبح ہی بانڈی پورہ کے اجس گا¶ں میں ایک زیر تعمیر ٹرانسمشن ٹاور بھاری برف باری کے نتیجے میں گر آیا۔ تاہم واقعہ میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ دریں اثنا محکمہ موسمیات نے جمعرات کو دن بھر مغربی ہوا¶ں کے باعث وادی میں مموسم خراب رہنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم جمعرات کی شام سے موسم میں بہتری متوقع ہے۔ ریاست کی گرمائی راجدھانی سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ وادی کے مشہور ترین سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی0.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 4.0 ڈگری سینٹ گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔ قصبہ دراس میں کم سے کم سے درجہ حرارت منفی5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی16.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔ ریاست کی سرمائی راجدھانی جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 9.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا جبکہ کٹرہ میں کم سے کم درجہ حرارت 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ، بٹوٹ میں منفی 1.6ڈگری سینٹی گریڈ، بانہال میں 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور بھدرواہ میں منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڑ کیا گیا۔