وزیراعظم کے اٹلی پہنچنے پر اٹلی کی سڑکوں پرہندوستانی برادری کااظہار مسرت
یواین آئی
روم؍؍وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہاں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔وزیر اعظم نے اپنے پانچ روزہ دورہ یوروپ کے پہلے مرحلے میں آج صبح اٹلی کے دارالحکومت روم پہنچنے پر یہاں ای یو آرضلع میں واقع مہاتما گاندھی کے مجسمے پر پھول چڑھائے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر وہاں آباد ہندوستانی برادری کی بڑی تعداد موجود تھی۔مسٹر مودی کے پہنچنے پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا۔اس کے بعد مسٹر مودی وہاں موجود غیر مقیم ہندوستانی برادری کی جانب مڑے تو لوگوں کی خوش کا ٹھکانہ نہ رہا۔ وہ زور زور سے مودی مودی کے نعرے لگانے لگے۔ جب وزیراعظم لوگوں کی جانب بڑھ رہے تھے تو بہت سے لوگوں نے ان کے پیر چھوئے۔ بعد میں وہ ایک گروپ کے پاس پہنچے جن میں کچھ اسکان کے ارکان بھی شامل تھے۔ انہوں نے شیو ٹانڈو کا مظاہرہ کیا جس سے وزیراعظم مودی کافی خوش نظر آئے اور وہ اس دوران تالی بجا رہے تھے۔ بعد میں انہوں نے سبھی سے ہاتھ ملایا۔اٹلی کی سڑکوں پر پہلی بار شیو ٹانڈو استروت کے پاٹھ کی اس معنی میں بھی ایک سیاسی اہمیت ہے کیونکہ مسٹر مودی ویٹیکن سٹی میں پوپ فرانسز سے ملنے والے ہیں۔بعد میں مسٹر مودی نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ روم میں مجھے مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع ملا جن کی اقدار دنیا بھر کے کروڑوں لوگوں کو ہمت اور تحریک دیتی ہے۔ وزیراعظم کے دفتر نے بھی ٹوئٹ کرکے کہا ’’بابائے قوم کے نظریات کی گونج پوری دنیا میں ہے‘‘۔اس سے پہلے اپنی پہلی سرکاری تقریب میں مسٹر مودی نے یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل اور یورپی کمیشن کی صدر محترمہ ارسولا وان ڈیر لیین سے ملاقات کی۔ ان لیڈروں نے ہندوستان اور یورپ کے درمیان اقتصادی تعلقات کو بڑھانے اور عالمی نظام کو بہتر بنانے کے لیے عوام سے عوام کے رابطوں کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا تاکہ عالمی نظام کو بہتر بنایا جاسکے۔سرکاری پروگرام کے مطابق مسٹر مودی شام تقریباً 5.15 بجے اٹلی کے وزیر اعظم ماریو ڈروگو کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ طے تھی۔ اس کے بعد مسٹر مودی بیرون ملک مقیم ہندوستانی کمیونٹی کے ایک عوامی پروگرام میں بھی شرکت کریں گے۔مسٹر مودی کل جی 20 چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے اور مختلف لیڈروں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ وہ ویٹیکن سٹی میں عیسائیوں کے اعلیٰ ترین مذہبی رہنما پوپ فرانسس سے بھی ملاقات کریں گے اور وزیر خارجہ کارڈینل پیٹرو پیرولین سے بات چیت کریں گے۔ وزیراعظم 31 اکتوبر کو برطانیہ کا دورہ کریں گے اور 31 اکتوبر سے 12 نومبر تک اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں موسمیاتی تبدیلی پر فریقین کی 26ویں کانفرنس کے دوران یکم اور 2 نومبر کو عالمی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔