سنتھن ٹاپ پر دو افراد کی اموات پر دکھ کا اظہار
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے ضلع شوپیان میں زینہ پورہ علاقہ میں سی آر پی ایف کیمپ کے نزدیک شہری ہلاکت کی کڑے لفظوں میں مذمت کی ہے۔ یہاں جاری ایک بیان میں بخاری نے معیاد بند تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ یہ پتہ لگایاجاسکے کہ کن حالات کی وجہ سے نوجوان کی ہلاکت ہوئی جس کا کسی سے کچھ لینا دینا نہیں تھا اور نہ ہی وہ کسی قابل ِ اعتراض سرگرمیوں میں ملوث تھا۔ انہوں نے کہاکہ’’اس طرح شہری ہلاکت انتہائی ظالمانہ ہے اور ایسے واقعات کی محض مذمت سے کام نہیں چلے گا۔ واقعہ کی شفاف طریقہ سے معیاد بند تحقیقات ہونی چاہئے تاکہ قیمتی جان کے اتلاف کے لئے ذمہ داران کو جوابدہ بنایاجاسکے‘‘۔ بخاری نے سنتھن ٹاپ میں بھاری برف باری میں پھنس جانے سے کشتواڑ سے تعلق رکھنے والے دو شہریوں امتیاز احمد میر اور داؤد مجید کی اموات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بیان میں کہاکہ ’’میں مہلوکین کی مغفرت اور سوگوار ان ِ کنبہ کے لئے دعا گو ہوں کہ اُنہیں یہ ناقابل ِ تلافی نقصان بردداشت کرنے کی ہمت عطا ہو‘‘۔ انہوں نے واقعہ میں زخمی ہوئے دو افراد کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔دوران ِ شپ بچاؤ آپریشن شروع کرنے کے لئے ضلع انتظامیہ اننت ناگ کی تعریف کی جس سے دو قیمتی جانوں کو بچایاجاسکا۔ انہوں نے انتظامیہ پرزور دیا ہے کہ زخمیوں کو خصوصی علاج ومعالجہ فراہم کیاجائے تاکہ وہ جلد صحت یاب ہوں۔ انہوں نے جاں بحق ہوئے افراد کے لواحقین کو فوری ایکس گریشیا ریلیف فراہم کرنے اور کوکرناگ سے کشتواڑ تک مہلوکین کی جسد ِ خاکی کو فضائیہ کے ذریعے پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ بروقت اُن کی آخری رسومات ادا کی جاسکیں۔