جموں و کشمیر کے سوا کروڑ شہریوں کے مال و جان کی حفاظت کرنا میری اولین ترجیح: منوج سنہا
یواین آئی
جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر کے سوا کروڑ شہریوں کے مال و جان کی حفاظت کرنا میری انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے یہ بات اتوار کو یہاں بھگوتی نگر میں وزیر داخلہ امت شاہ کے جلسہ عام کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔منوج سنہا نے کہا: ‘کشمیری مہاجرین جنہیں 1990 سے پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، ان کے لئے ہم نے ایک پورٹل لانچ کیا تو چھ ہزار شکایتیں درج ہوئیں۔ ان شکایتوں میں سے دو ہزار کا ازالہ ہو چکا ہے اور باقی کا بھی جلد از جلد کیا جائے گا’۔انہوں نے کہا: ‘میں جانتا ہوں کہ کچھ لوگوں کو یہ بات ٹھیک نہیں لگ رہی ہے اور وہ ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ وہ جذبات کو بھڑکا کر یہاں تشدد کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہیں شاید معلوم نہیں کہ دلی میں سرکار کس کی ہے اور بھارت کے وزیر داخلہ کون ہیں۔ یہ سرکار امن قائم کرنے میں یقین رکھتی ہے’۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘یہاں کے سوا کروڑ شہریوں کے مال و جان کی حفاظت کرنا میری انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ اقلیتوں کی حفاظت کرنا تو ہماری قومی ذمہ داری ہے’۔