امت شاہ جموں و کشمیر کے تین روزہ دورے پر سری نگر پہنچے

0
0

سری نگر، //مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جموں و کشمیر کے تین روزہ دورے پر ہفتے کو سری نگر پہنچے۔
سری نگر کے ہوائی اڈے پر برستی بارشوں کے بیچ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے وزیر داخلہ کا استقبال کرتے ہوئے انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
واضح رہے کہ یہ پانچ اگست 2019 یعنی دفعہ 370 کے خاتمے اور ریاست کو دو یونین ٹیریٹریوں میں تقسیم کرنے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کے بعد وزیر داخلہ کا پہلا دورہ جموں و کشمیر ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ ایک ایسے وقت میں جموں و کشمیر بالخصوص وادی کے دورے پر آئے ہیں جب یہاں حال ہی میں نامعلوم بندوق براداروں کے ہاتھوں اقلیتوں اور غیر مقامی لوگوں کی نشانہ وار ہلاکتوں کے واقعات پیش آئے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ آج راج بھون میں منعقد ہونے والی سکیورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کریں گے جس میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، فوج، پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے اعلیٰ افسر انہیں وادی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر داخلہ ہفتے کی شام سری نگر سے شارجہ کے لئے شروع کی جانے والی پہلی براہ راست پرواز کو روانہ کریں گے۔
امت شاہ اپنے تین روز دورہ جموں و کشمیر کے دوران 24 اکتوبر کو جموں میں ایک ریلی سے بھی خطاب کریں گے۔ اس مجوزہ ریلی کا مقام بھگوتی نگر مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا: ‘مسٹر شاہ 23 اکتوبر کو سری نگر پہنچیں گے اور پھر اگلے دن جموں کا دورہ کریں گے۔ وہ یہاں پبلک ریلی سے خطاب کرنے کے علاوہ مقامی بی جے پی لیڈران اور دیگر گروپوں سے ملاقاتیں کریں گے’۔
مرکزی وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر جموں و کشمیر بالخصوص شہر سری نگر کے قرب و جوار میں سکیورٹی کا فقید المثال بندوبست کیا گیا ہے۔
حکام نے وادی بالخصوص شہر سری نگر کے قرب و جوار میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کو ناکام بنانے کے لئے بھاری تعداد میں سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے بتایا کہ شہر کے تمام علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ناکوں کے جال کو مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جنگی ساز و سامان سے لیس سیکورٹی اہلکار انتہائی چوکنا ہیں اور ناکوں پر موٹر سائیکلوں کی ضبطی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔موصوف نامہ نگار نے بتایا کہ ناکوں پر مسافر بردار گاڑیوں کی بھی تلاشی کی جاتی ہے اور ان میں سوار مسافروں کی بھی جامہ تلاشی اور ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کئی مقامات پر راہگیروں کو بھی روک کر ان کی تلاشی اور شناختی کارڈ چیک کئے جاتے ہیں۔
نامہ نگار نے بتایا کہ لالچوک، بٹہ مالو، جہانگیر چوک، ہری سنگھ ہائی سٹریٹ، ریگل چوک وغیرہ اور پائین شہر کے منور آباد، رعناواری، خانیار، نوہٹہ وغیرہ میں اہم چوراہوں پر لگے ناکوں پر گاڑیوں، راہگیروں خاص کر موٹر سائیکل سواروں کو روکا جا رہا ہے اور ان کی جامہ تلاشی اور شناختی کارڈوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔
دریں اثنا وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر حکام نے سری نگر میں بلیوارڈ روڈ کو بڈیاری چوک سے نشاط تک اور گپکار روڈ کو 23 سے 25 اکتوبر تک بند رکھا ہے۔
سری نگر کی طرح جموں شہر میں بھی وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر سکیورٹی کے مثالی انتظامات کئے گئے ہیں۔
ایک سینیئر پولیس افسر نے بتایا کہ وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر جموں میں بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا: ‘شہر میں مختلف مقامات پر عارضی ناکے بٹھائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سرحدی علاقوں میں نگرانی بڑھائی گئی ہے’۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا