بی جے پی جموں ویسٹ اکائی نے امیت شاہ کی ریلی کے انتظامات کا جائزہ لیا
لازوال ڈیسک
جموں// جموں ویسٹ ضلع کے عہدیداروں کی یہاں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی آئندہ ریلی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے بنیادی طور پر سابق وزیر اور سابق ایم ایل اے جموں ویسٹ ست شرما نے خطاب کیا اور یہ ضلع صدر منیش کھجوریہ کی قیادت میں منعقد ہوا۔ وہیں بی جے پی جموں ویسٹ کرن سنگھ نے بھی اجلاس سے خطاب کیامیٹنگ میں ضلعی جنرل سکریٹریوں راجیش گپتا اور کرن شرما ، منڈل صدر رویش مینگی اور ضلع اور منڈل کے عہدیداروں سمیت کئی دیگر نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ست شرما نے کہا کہ جموں ویسٹ حلقہ میں وزیر داخلہ امیت شاہ کا ہونا ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے جن کی کوششوں سے آرٹیکل 370 کو ہٹایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل کی منسوخی کے بعد یہ ان کا جموں کا پہلا دورہ ہے اور لوگ پرجوش ہیں اور اس عظیم لیڈر کو دیکھنے کے منتظر ہیں جس نے جموں و کشمیر سے دہشت گردی کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں لوگ ریلی میں شرکت کریں گے جو کہ 24 اکتوبر کو بھگوتی نگر میں منعقد کی جائے گی اور انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے موقع پر پہنچیں۔