سرینگر میونسپل کارپوریشن کاسیشن: ڈپٹی میئرحملے میں زخمی

0
0

میں بی جے پی کے خلاف بول رہا ہوں، میئر کو یہ برداشت نہیں ہوتا:شیخ عمران
یواین آئی

سرینگر؍ سری نگر میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میئر شیخ عمران سوموار کو کونسلر سیشن کے دوران مبینہ طور پر ایک کونسلر کے حملے میں زخمی ہوئے۔ یو این آئی کو سرکاری ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سری نگر میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میئر شیخ عمران سوموار کو کونسلر سیشن کے دوران اْس وقت زخمی ہوئے جب مبینہ طور پر ایک کونسلرنے ان کے سر پر کوئی چیز دے ماری۔ ذرائع نے بتایا کہ سری نگر میونسیپل کارپوریشن کے کمپلیکس میں منعقدہ کونسلر سیشن کے دوران ایک کونسلرنے ڈپٹی میئر شیخ عمران کے سر پر کوئی چیز دے ماری۔ دونوں کے درمیان کسی بات کو لیکر زبردست توتو میں میں ہوئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ عمران زخمی ہو کر زمین پر گر گئے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر عمران کو فوراً ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ایک رپورٹ کے مطابق ڈپٹی میئر پر حملے کے بعد ڈپٹی میئر اور میئر کے حمایتی کونسلرس ایک دوسرے سے لڑ پڑے۔ تاہم پولیس نے فوری مداخلت کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پالیا۔ اس دوران شیخ عمران کے حمایتی کونسلروں نے میئر جنید متو، بی جے پی اور آر ایس ایس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ سری نگر میونسپل کارپوریشن میں کونسلرس دو گروہوں میں بٹ گئے ہیں۔ ایک گروہ کی قیادت میئر جنید عظیم متو جبکہ دوسرے گروہ کی قیادت ڈپٹی میئر شیخ عمران کررہے ہیں۔ دونوں گروہوں کے درمیان گزشتہ ایک ماہ سے شدید آپسی ٹکرائو دیکھا جارہا ہے۔ دریں اثنا ڈپٹی میئر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ان پر حملہ ایک منصوبہ بند سازش کا حصہ تھا۔ انہوں نے کہا ‘یہ ایک منصوبہ بند حملہ تھا۔ مجھ پر کسی نے کوئی چیز دے ماری۔ میں باہر نکلا تو دیکھا کہ بہت خون بہہ رہا ہے۔ میری گاڑی بھی یہاں پر نہیں تھی۔ پولیس مجھے اپنی گاڑی میں اسپتال لے گئی۔ میں نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ میں اپنے سبھی ساتھیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ خاموش رہیں اور کسی بھی طرح کی لڑائی کے مرتکب نہ ہوں۔ ہم لوگوں کی بھلائی کے لئے ہیں’۔ شیخ عمران نے کہا کہ حملے کو یقینی بنانے کے لئے غنڈوں کے نام داخلہ پاس جاری کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا ‘غنڈوں کو پاسز ایشو کئے گئے تھے۔ اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ اجلاس میں مارشلز نہیں تھے۔ میں بی جے پی کے خلاف بول رہا ہوں، میئر کو یہ برداشت نہیں ہوتا’۔ شیخ عمران نے مزید کہا ‘میں پولیس کو حملہ کرنے والے دو کارپوریٹروں کے نام دے چکا ہوں۔ وقفہ سوالات کے دوران انہوں نے غیرمتعلقہ ایجنڈا اٹھایا۔ ایس ایم سی میئر بی جے پی حمایت یافتہ ہے۔ میں بی جے پی کے خلاف مہم شروع کرچکا ہوں۔ میں آنے والے دنوں کے دوران کچھ انکشافات بھی کروں گا’۔ انہوں نے کہا ‘صرف مجھ پر ہی نہیں بلکہ خواتین کارپوریٹروں پر بھی حملہ کیا گیا۔ میں ہمت نہیں ہاروں گا۔ ہمارے ساتھ ہمارا اللہ ہے’۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا