لکھیم پور کھیری//لکھیم پور کھیری تشدد معاملے کے کلید ی ملزم آشیش مشرا کو مقامی عدالت نے تین دن کی پولیس ریمانڈ پر بھیجنے کا فیصلہ سنایا ہے۔
مرکزی مملکتی وزیر برائے داخلی امور اجئے مشر ٹینی کے بیٹےآشیش پر گذشتہ 3اکتوبر کو لکھیم پور کھیری کے تکونیا میں اپنی گاڑی سے کسانوں کو روندنے کا الزام ہے۔ اسے واقعہ کے چھ دن بعد پولیس نے ہفتہ کو گرفتار کیا تھا۔ آشیش کے وکیل اودھیش سنگھ نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ پولیس نے ان کے موکل سے پوچھ گچھ کے لئے14دنوں کی ریمانڈ کی اپیل کی تھی جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے تین دن کی شرطیہ ریمانڈ پر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔عدالت کے مطابق پولیس کو ریمانڈ میں لینے سے پہلے آشیش کا میڈیکل کرانا ہوگا۔ اس کے ساتھ مارپیٹ نہیں کی جائے گی۔ اس کے وکیلوں کو ملنے کی چھوٹ رہے گی۔
اس سے پلے عدالت نے دوپہر تقریبا پونے تین بجے لکھیم پور تشدد کے معاملے کی سماعت شروع کی اور دونوں فریقین کی دلیلوں کو سنا، تقریبا 40منٹ تک چلی سماعت کے بعد عدالت نے ریمانڈ پر اپنا فیصلہ شام تقریبا ساڑھے چار بجے سنایا۔
پراسیکیوشن کی دلیل تھی کہ آشیش نے ایس آئی ٹی کی پوچھ گچھ میں تعاون نہیں کیا اور کئی سوالوں کے اتر نہیں دئیے جبکہ آشیش کے وکیل اودھیش سنگھ نے کہا کہ ان کے موکل سے پولیس نے 12گھنٹوں تک پوچھ گچھ کرچکی ہے اور اب اسے اور کتنا وقت چاہئے۔ سماعت کے دوران آشیش جیل سے ہی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ جڑا تھا۔ اس دوران تکنیکی دقتوں کی وجہ سے سماعت میں کئی دفعہ روکاوٹ پیدا ہوئی۔
سماعت کے دوران عدالت کے آس پاس سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے جبکہ مرکزی وزیر کی رہائش گاہ کے باہر بھی سیکورٹی کے لئے کثیر تعداد میں پولیس ٹیم کو تعینات کیا جارہا ہے۔قابل ذکر ہے کہ لکھیم پور کھیری کے تکونیا میں گذشتہ 3اکتوبر کو گاڑی سے کچلنے سے چار کسانوں کی موت ہوگئی تھی۔ جس کے بعد مشتعل بھیڑ نے گاڑی ڈرائیور اور ایک میڈیا نمائندے کے علاوہ بی جے پی کے دوکارکنوں کا بھی پیٹ پیٹ کر قتل کردیا تھا۔