قاتلوں کوجلدکیفرکردارتک پہنچایاجائے،جموں ایک بڑی ہستی وملنسارشخصیت سے محروم
لازوال ڈیسک
جموں؍؍شیعہ فیڈریشن صوبہ جموںنے مشہور سیاست دان ،ٹرانسپورٹ یونین کے صدر و گردوارہ پربندھک بورڈ جموںکے صدر سردار ٹی ایس وزیر کے قتل کی شدید الفاظ میںمذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت کا قتل قرار دیا ہے ۔ایک پریس بیان میںفیڈریشن کے صدر عاشق حسین خان نے کہا ہے کہ ٹی ایس وزیر نہ صرف ایک مشہور ٹرانسپورٹر یونین کے لیڈر تھے بلکہ وہ ایک سلجھے ہوئے سیاست دان و غریب پرور شخصیت کے مالک بھی تھے ۔خان نے کہا کہ مرحو م ایک ملنسار ،غریب پرور،سیکولر کے دلدادہ و ہر ضرورت مند کی مدد کرنے والی شخصیت کا نام تھا ۔ان کے قتل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔خان نے کہا کہ سکھ برادری کو ان کے اچانک جانے سے لا تلافی نقصان پہنچا ہے کیونکہ وہ ایک ہونہار و قوم کے سچے سپاہی سے محروم ہو گئی ہے ۔خان نے کہا ہے کہ چونک ٹی ایس وزیر کا قتل دہلی میں ہوا ہے اس لئے دہلی پولیس کا فرض بن جاتا ہے کہ وہ قاتلوںکو فوری گرفتار کرنے کیلئے اقدامات کرے اور مجرموںکو عوام کے سامنے ننگا کیا جائے اور قاتلوںکو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے کوئی کسر نہ رکھی جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ ایک لمبے قد کی شخصیت کی جان کا قتل ایسے ہو سکتا ہے تو ایک عام آدمی کی سیکورٹی پر سوال اٹھنے لازمی ہیں،کیونکہ ٹی ایس وزیر کا نام جموںو کشمیر میںہی نہیںبلکہ بیرون ریاست میںجانا جاتا تھا ۔خان نے سکھ برادری سے بھی پر خلوص اپیل کرتے ہوئے ٹی ایس وزیر کے مشن پر عمل کرنے او ر ان کے خوابوںکی تکمیل کیلئے ایک جٹ ہو کر کام کرنے پر زور دیا ۔ان کا کہنا تھا کہ مرحوم ایک نڈر و بے باک لیڈر کے طور پر جانے جاتے تھے ۔ان کی سکھ کمیونٹی اور عام غریب عوام کے لئے کئے گئے کارہائے نمایاںکو لمبی مدت تک یاد رکھا جائے گا ۔عاشق حسین خان نے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعاکی کہ لواحقین کو واہیگورو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے ۔