سری نگر؍؍لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے آج سول سیکرٹریٹ میں پشو و بھیڑ پالن او رماہی گیری محکموں کی کارکردگی کا جائز ہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ڈائریکٹر اینمل ہسبنڈری کشمیر ، ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری کشمیر ، ڈائریکٹر فشریز کشمیر ، مشیر کے سپیشل اسسٹنٹ اور محکمو ں کے دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی جبکہ ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری جموں ، ڈائریکٹر فشریز جموں اور دیگر محکموں کے اَفسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔دورانِ میٹنگ مشیر بھٹناگر نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ گھریلو اور دودھ دینے والے جانوروں کی پیداوار اور پیداواری صلاحیت میں اِضافہ کریں تاکہ جموں وکشمیر دودھ کی پیداوار میںخود کفیل ہوجائے ۔اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ جموںوکشمیر میں نئی اور زیادہ دودھ دینے والی نسلیں متعارف کرائیں تاکہ جانوروں کی پرورش سے وابستہ لوگ مستفید ہوں۔اُنہوںنے اَفسران پر زور دیا کہ وہ پیداوار کا زمینی سطح پرسروے کریں تاکہ اَصل تشخیص حاصل ہوسکے۔مشیر بھٹناگر نے اِن محکموں کی جانب سے مستحقین کے لئے عملائی جارہی سکیموں کا جائزہ لیتے ہوئے اَفسران سے کہا کہ وہ اِن سکیموں کوبڑے پیمانے پر توسیع دیں تاکہ عام آدمی تک فوائد پہنچیں۔اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ عوام میں صارفین پر مبنی سکیموں اور پروگراموں کے بارے میں بیداری پیدا کریں۔مشیر موصوف نے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں پشو و بھیڑ پالن اور ماہی گیری محکموں کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ وہ موجودہ یونٹ ہولڈروں کو مسلسل ہینڈ ہولڈنگ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو اَپنے یونٹوں کو قائم کرنے کی طرف راغب کرنے کی کوششیں کریں۔مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے اَفسران پر زور دیا کہ ایسے علاقوں میں موبائل ویٹرنری کلینک قائم کئے جائیں جن میں مشکل علاقہ اور ٹپو گرافی ہو۔ اِس کے علاوہ پولٹری چوزوں کے لئے ٹیکہ کاری کیمپ بھی لگائے جائیں ۔ اِس کے علاوہ مصدقہ لیبارٹریوں سے منظور شدہ معیاری اور قابلِ اعتماد ویکسین عوام کو دستیاب کرائی جائیں۔مشیرموصوف نے محکمہ ماہی گیری کی کاکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ا،س بات پر روشنی ڈالی کہ جے اینڈ کے میں مچھلی کی پیداوار کی بہتر بڑی صلاحیت اور اِس صلاحیت کو اِستعمال کرنے کی کوشش کی جانی چاہیئے۔اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ اِن علاقوں کی نشاندہی کریں جن میں مچھلی کے فارم قائم کرنے کے زیادہ امکانات ہیں۔