ہم سب کے ساتھ مل کر ملک کے لٹیروں کے خلاف لڑیں گے: سبودھ کانت سہائے
یواین آئی
جموں؍؍ سینئرکانگریس لیڈر و سابق مرکزی وزیر سبودھ کانت سہائے کا کہنا ہے کہ مرکزی سرکار ملک کے اثاثوں کو سستے داموں بیچ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر مودی حکومت کہہ رہی ہے کہ گزشتہ 70 برسوں کے دوران کچھ بھی نہیں ہوا تو وہ بیچ کیا رہے ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مودی حکومت نے ڈیزل اور پٹرول کے ایکسائز سے پچیس لاکھ کروڑ روپے کمائے جس سے ریاستوں کو کچھ بھی نہیں ملا۔موصوف کانگریس لیڈر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘مودی اور ان کے وزیر خزانہ نے بتایا کہ ہم ملک کے اثاثوں کو کرایے پر دینا چاہتے ہیں اس سے ملک کا بھلا ہوگا، مودی جی اگر کہہ کر رہے ہیں کہ ملک میں70 برسوں کے دوران کچھ نہیں ہوا تو وہ کیا بیچیں گے’۔ان کا کہنا تھا: ‘ملک کے اثاثوں کو سستے داموں بیچنے والا کیا ملک دشمن نہیں کہا جائے گا’۔مسٹر سہائے نے کہا کہ مودی حکومت کو ملک کے اثاثوں کو بیچنے کی اجازت کس نے دے دی۔انہوں نے کہا کہ جس طرح دکانوں پر کلیئرنس سیل لگا رہتا ہے اسی طریقے پر ملک کے اثاثوں کو بیچا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا: ‘ملک کی 26 ہزار 7 سو کلومیٹر قومی شاہراہ، ریلوے کے چار سو اسٹیشنوں، 150 ریلوں، ریلوے ٹریک، ٹرانسمشن لائن، بجلی پروجیکٹوں، گیس پائپ لائن، ٹیلی کام نیٹ ورک وغیرہ کو بیچا گیا’۔موصوف نے کہا کہ مودی سرکار نے 25 لاکھ کروڑ روپے ڈیزل اور پٹرول کے ایکسائز سے کمائے جس سے ریاستوں کو کچھ بھی نہیں مل گیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں 115 ڈالر فی بیرل کے حساب سے ایندھن ملتا تھا ان کو صرف تیس روپے فی لیٹر کے حساب سے ملتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کے ساتھ مل کر ملک کے لٹیروں کے خلاف لڑیں گے۔