کمشنر سیکریٹری ڈاکٹر شاہد اقبال نے کے ٹی کے فائونڈیشن دہلی کی جانب سے دیا گیا اعزاز سونپا
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍کئی کتابوں کے مصنف، سماجی کارکن اور عالمی تحریک اردو کے صدر ڈاکٹر ذاکر ملک بھلیسی کو ’بھارت گورو پرسکار۔2021‘سے نوازہ گیا۔ دہلی میں منعقدہ ایک آن لائین تقریب میں ہندوستان کی 67 شخصیات کو الگ الگ شعبوں میں ان کی کارکردگی کے حوالے سے ’بھارت گورو پرسکار‘ دیا گیا اور آج اس ایوارڈ کو سرینگر میں جموں کشمیر کے مشن یوتھ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور کمشنر سیکریٹری ڈاکٹر شاہد اقبال (آئی اے ایس) نے یہ اعزاز ڈاکٹر ملک بھلیسی کو سونپا۔ یہ ایوارڈ بھارت سرکار کی وزارت امور کارپوریٹس سے تسلیم شدہ کے ٹی کے فائونڈیشن دہلی کی جانب سے دیا گیا جس کو باضابطہ طور آج جموں کشمیر سرکار کے اعلی ٰآئی اے ایس آفیسر ڈاکٹر شاہد اقبال نے ان کے حوالے کیا۔ ڈاکٹر ذاکر ملک بھلیسی اس سال جموں کشمیر کے واحد شخصیت ہیں جن کو اس ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔ یہ ایوارڈ ان کی سماجی و اردو کے تئیں خدمات کے حوالے سے دیا گیا ہے۔ اس موقعے پر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری ، کمشنر سیکریٹری نے ڈاکٹر ذاکر ملک بھلیسی کو مبارکباد پیش کی اور ان کے کاموں کی سراہنا کی۔ انھوںنے بتایا کہ ڈاکٹر ذاکر اس ایوارڈ کیلئے مستحق تھے کیونکہ انھوں نے سماجی خدمات اور خصوصی طور اردو زبان کی خدمت میں اہم رول ادا کیا ہے۔ ڈاکٹر ذاکر ملک بھلیسی کی اردو زبان میں چار کتابیں منظرعام پرآچکی ہیں جبکہ 8 انگریزی زبان میں بھی کتابیں مرتب کی ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے 300 کے قریب مضامین کئی اخبارات و رسائل میں شائع ہو چکے ہیں۔ ان کو ابھی تک 20 کے قریب اعزازات سے نوازہ ہے جن میں خاص طور ایشین ایجوکیشن ایوارڈ، سٹار انڈیا ایوارڈ اور یو نائیٹیڈ نیشن 75ایوارڈ شامل ہیں۔