جموں// جموں و کشمیر میں کھیلوں کے موجودہ نظام کو درست کرنے کے لئے حکام عنقریب ایک جامع سپورٹس پالیسی بنانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
باوثوق ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ حکومت نے اس ‘سپورٹس پالیسی’ کو ترتیب دینے پر کام شروع کیا ہے اور اس کو حتمی شکل دینے کے لئے متعلقین کو اس کام پر لگا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پالیسی جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جو جموں وکشمیر سپورٹس کونسل کے صدر بھی ہیں، کی رہنمائی کے تحت بنائی جا رہی ہے۔
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ ہمسایہ ریاستوں جیسے ہماچل پردیش، پنجاب اور ہریانہ کی ‘سپورٹس پالیسیوں’ کو ملحوظ نظر کر اس پالیسی کو بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پالیسی پر عمل درآمد سے یقینی طور پر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور سپورٹس کو بھی فروغ ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پالیسی کے تحت قومی و بین الاقوامی سطح پر میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو سرکاری محکموں میں اچھے عہدوں پر فائز کیا جائے گا اور بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی سرکاری نوکریاں دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ سپورٹس پالیسی بنانے کے دوران سہولیات کی فراہمی، بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا، پنچایت اور بلاک سطح پر سپورٹس کو فروغ دینا، کھلاڑیوں کو مراعات اور نوکریاں دینا، نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازنا، کوچز اور تربیت دہندگان کو انعامات دینا وغیرہ جیسے امور کو زیر نظر رکھا جا رہا ہے’۔