ڈپٹی کمشنراننت ناگ نے کیامٹن علاقے کاتفصیلی دورہ،عوامی نمائندگان سے ملاقات
غزالہ نثار
اننت ناگ؍؍ڈی ڈی سی اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے ضلع اننت ناگ کے مٹن علاقہ کا دورہ کیا، اور عوامی وفود سے ملاقی ہوئے۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے آج سیکٹورل افسران کے ہمراہ ضلع اننت ناگ کے مٹن، علاقہ کا دورہ کیا۔ ڈی ڈی سی نے مٹن میں عوامی دربار منعقد کیا، جہاں مقامی لوگوں نے اپنے نمائندوں کے ساتھ (ڈی ڈی سی ، بی ڈی سی چیئرپرسن ، سرپنچ اور دیگر پی آر آئی ممبران) کے علاوہ سول سوسائٹی اور اوقاف کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔اس موقعہ پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ڈی سی نے کہا کہ انتظامیہ لوگوں کو ان کی شکایات اور مطالبات کے فوری ازالے کے علاوہ صاف و شفاف گورننس کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ مقامی لوگوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کی خواہشات کے مطابق منصوبے بناتے ہیں، جبکہ ان منصوبوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے خوشی ہوتی ہے۔ ڈی ڈی سی نے علاقے کے بزرگ شہریوں پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں میں منشیات کی لعنت کو روکنے کے لیے حکام کی کوششوں کی تعریف کریں اور اس سلسلے میں لوگ ایک اہم کردار نبھا سکتے ہیںاور لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ ویکسین لگوائیں اور زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کے لیے صحت سکیم میں اپنا اندراج کروائیں اس موقع پر سول سوسائٹیوں ، اوقاف کے نمائندوں ، پی آر آئی ممبران کی جانب سے کئی مطالبات اٹھائے گئے جن میں مٹن علاقہ کے لیے پانی کی فراہمی ،اندرونی سڑکوں کی میکڈیمئزیشن، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب ، پی ایچ سی مٹن میں عملے کی سہولیات میں اضافہ ، تحصیل آفس مٹن کی تکمیل ، پولٹری پروجیکٹ مٹن اور کے پی روڈ کی غیر فعال لائٹس کو چالو کرنا شامل ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے پولٹری پروجیکٹ آفس مٹن کا دورہ کیا اور یونٹ کے کام کے مسائل کے بارے میں دریافت کیا اور پروجیکٹ آفیسر کو ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے رپورٹ بھیجیں اور ساتھ ہی ساتھ انہوں نے نئے زیر تعمیر تحصیل آفس مٹن کا بھی دورہ کیا، انہوں نے اس موقعہ پر جے کے پی سی سی کے ورکس ونگ کو تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت کی، تاکہ تحصیل آفس مٹن کو جلد شفٹ کیا جائے۔ ڈی ڈی سی نے بعض مطالبات کے ازالے کے لیے موقع پر ہدایات جاری کیں اور یقین دلایا کہ دیگر حقیقی مطالبات کو وقت کے ساتھ پورا کیا جائے گا۔