لاہور: اداکارہ وماڈل جیا علی نے کہا ہے کہ بالی ووڈ اور ہالی ووڈ میں سنیئرزکو زیادہ عزت واحترام دینے کے ساتھ ان کے لیے خصوصی کردار تخلیق کیے جاتے ہیں جب کہ ہمارے ہاں سنیئرکو نظر انداز کردیا جاتا ہے تاہم سنیئرفنکاروں کو نظر انداز کرنا اچھی روایت نہیں ہے۔’’ایکسپریس‘‘سے گفتگوکرتے ہوئے جیا علی نے کہا کہ کامیڈی اورمیوزیکل فلمیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ نئے ٹیلنٹ کا کام دیکھ کر خوشی ہوتی ہے اورنوجوان فلم میکر اچھی اورمیعاری فلمیں پروڈیوس کررہے ہیں۔ جہاں تک بات خود اداکاری کی ہے تو میرا تعلق پاکستان فلم انڈسٹری سے ہے اوراچھا کردارآفرہوا توضرورکام کروں گی۔جیا علی نے کہا کہ ایک طرح کی کہانی اور ایک جیسے کرداروں کو مختلف ناموں کے ساتھ سالہا سال دکھانے کا دور اب چلا گیا ہے۔ باکس آفس پر کامیابی اسے ہی ملے گی جو فلم بینوں کو روٹین سے ہٹ کر کچھ دکھائے گا۔ ماضی میں فلم انڈسٹری کے لیے کوئی پلاننگ نہیں کی گئی تھی اسی لیے مشکلات کا شکار ہوئی۔ جدید ٹیکنالوجی نے فلم میکنگ کو آسان بنانے کے ساتھ اس کی کوالٹی بھی بہترکی ہے۔اداکارہ نے کہا کہ نوجوان تجربہ کار نہ ہونے کے باوجود اچھی فلم بنانے کے لیے محنت کر رہے ہیں ،مگر کچھ کمزوریاں اور خامیاں ہیں۔ اگر وہ اسی طرح کوشش کرتے رہے تو بہت جلد ان پر قابو پا لیں گے۔ایک سوال کے جواب میں جیا علی نے کہا کہ سنیئرز ہمارے لیے اکیڈمی کا درجہ رکھتے ہیں ،ان کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
Post Views: 98