ممبئی: رنبیر کپور بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کے گن گانے لگے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کا سلمان اور سنجے دت کے حوالے سے کہنا تھا کہ دونوں اداکاروں سے سیکھنا چاہیے کہ کبھی دکھاوا مت کرو کیوں کہ یہ دونوں اداکار برسوں سے مداحوں کے دلوں پر راج کر رہے ہیں جب کہ سلمان خان کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ ہر ممکنہ طریقے سے لوگوں کے ساتھ اچھا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔رنبیر کپور نے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سلمان خان اور سنجو سر حقیقی زندگی میں جیسے ہیں ویسے ہی لوگوں کے سامنے ہوتے ہیں یہی وجہ ہے کہ لوگ ان سے محبت کرتے ہیں اور ان کی عزت کرتے ہیں، دونوں اداکاروں نے اپنی زندگی میں بہت سی غلطیاں کیں جس کی قیمت یہ چکا بھی چکے ہیں لیکن سب جانتے ہیں کہ یہ دونوں اداکار برے انسان نہیں ہیں۔رنبیر کپور نے مزید کہا کہ سلمان اور سنجے دونوں اچھے دوست ہیں اور گزشتہ 25 برس سے انڈسٹری میں ہیں جبکہ دونوں ہی میرے پسندیدہ اداکار ہیں اور دونوں اداکاروں سے میں نے یہی سیکھا ہے کہ بھلے ہی آپ کچھ غلط کر رہے ہوں لیکن آپ جو ہیں وہی بنے رہیں دکھاوے کی دنیا میں نہ رہیں۔واضح رہے کہ راجکمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ میں رنبیر کپور کے ہمراہ منیشا کوئرالہ، سونم کپور،انوشکا شرما اور دیا مرزا مرکزی کردار میں نظر آئیں گی یہ فلم 29 جون کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
Post Views: 167