SKCاسٹیڈیم سری نگرمیں ہوگی سب سے بڑی تقریب
لیفٹنٹ گورنر لہرائیں گے ترنگا، پولیس وفورسزدستوں نیز اسکولی طلبہ کے پریڈ پرلیں گے سلامی
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍ملک کے75ویں یوم آزادی کے موقعہ پر 15،اگست کوجموں وکشمیرمیں سب سے بڑی سرکاری تقریب شیرکشمیرکرکٹ اسٹیڈیم سری نگرمیں منعقد ہوگی ،جہاں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا،ترنگا لہرانے کیساتھ مہمان خصوصی کی حیثیت سے پولیس وفورسزدستوں،این سی سی کیڈٹس اوراسکولی بچوں وبچیوں کے مارچ پاسٹ پرسلامی بھی لیں گے ۔دوسری سب سے بڑی تقریب جموں کے مولانا آزاداسٹیڈیم میں منعقد ہورہی ہے ،جہا ں ایل جی کے مشیر آرآر بھٹناگر مہمان خصوصی ہونے پر ترنگا لہرائیں گے اورمارچ پاسٹ پرسلامی بھی لیں گے ۔اس دوران معلوم ہواکہ پہلی مرتبہ ضلعی ہیڈکوارٹروں پرہونے والی یوم آزادی تقریبات میں ڈی ڈی سی چیئرپرسن مہمان خصوصی ہونگے ،وہی ترنگا بھی لہرائیں گے اور مارچ پاسٹ پر سلامی بھی لیں گے ۔جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے ملک کے75ویں یوم آزادی کے موقعہ پر 15،اگست کوجموں وکشمیرمیں منعقد ہونے والی تقریبات کے حوالے سے ابتدائی لائحہ عمل اورطریقہ کارجاری کردیاہے ۔محکمہ برائے عمومی انتظامیہ یعنی جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ایک آرڈر میں کہاگیاہے کہ جموں وکشمیرمیں یوم آزادی کی سب سے بڑی سرکاری تقریب شیرکشمیرکرکٹ اسٹیڈیم واقع سونہ وار سری نگرمیں منعقد ہوگی ،جہاں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا،ترنگا لہرانے کیساتھ مہمان خصوصی کی حیثیت سے پولیس وفورسزدستوں،این سی سی کیڈٹس اوراسکولی بچوں وبچیوں کے مارچ پاسٹ پرسلامی بھی لیں گے ۔اس دوران معلوم ہواکہ ایس کے سی اسٹیڈیم سری نگرمیں یوم آزادی تقریب کیلئے انتظامات کوحتمی شکل دینے کے بعدضروری تیاریاں تیزی کیساتھ مکمل کی جارہی ہیں ۔معلوم ہواکہ شیرکشمیرکرکٹ اسٹیڈیم سری نگرمیں ہونے والی پریڈیامارچ پاسٹ میں جموں وکشمیرپولیس ،بی ایس ایف ،سی آرپی ایف ،ایس ایس بی ،آئی ٹی بی پی اوراین سی سی کیڈیٹس کے چاک وچوبنددستوں کیساتھ ساتھ مختلف اسکولوں کے طلاب بھی شرکت کررہے ہیں ۔15،اگست بروزاتوار کوہونے والی یوم آزادی کی یہ تقریب صبح کے وقت منعقد ہوگی ،جس دوران کلچرل پروگرام بھی پیش کئے جائیں گے اورپولیس وفورسزکے جوان خصوصی کرتب بازی کامظاہرہ بھی کریں گے ۔جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری حکمنامے کے مطابق دوسری سب سے بڑی تقریب جموں کے مولانا آزاداسٹیڈیم میں منعقد ہورہی ہے ،جہا ں ایل جی کے مشیر آرآر بھٹناگر مہمان خصوصی ہونے پر ترنگا لہرائیں گے اورمارچ پاسٹ پرسلامی بھی لیں گے ۔جاری حکمنامے کے مطابق سری نگر اورجموں کے میئر نیز ڈی ڈی سی چیئرپرسن دونوں راجدھانیوں میں منعقد ہونے والی یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کریں گے ۔جاری سرکاری حکمنامے میں بتایاگیاہے کہ امسال ضلعی ہیڈکوارٹروں پر منعقد ہونے والی یوم آزادی تقریبات میں ڈی ڈی سی چیئرپرسن مہمان خصوصی ہونگے ،وہی ترنگا بھی لہرائیں گے اور مارچ پاسٹ پر سلامی بھی لیں گے ۔خیال رہے یہ پہلا موقعہ ہے جب ضلعی صدرمقامات پرہونے والی تقریبات میں ڈی ڈی سی چیئرپرسن تقریبات کی صدارت کریں گے اوروہی ان تقریبات میں بطورمہمان خصوصی ترنگا بھی لہرائیں گے اورمارچ پاسٹ پرسلامی بھی لیں گے ۔جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری حکمنامے کے مطابق جموں وکشمیرمیں بلاک سطح پرہونے والی تقریبات میں متعلقہ بی ڈی سی چیئرپرسن بطورمہمان خصوصی کے شرکت کریں گے ،اوروہی ان تقریبات کی صدارت کے فرائض انجام دینے کیساتھ ترنگا بھی لہرائیں گے اور مارچ پاسٹ پر سلامی بھی لیں گے۔جاری سرکاری آرڈرمیں میونسپل کونسلوں اور کمیٹیوں کے صدورسے کہاگیاہے کہ وہ بلاک سطح پرہونے والی ان تقریبات میں شرکت کریں ۔