3اے کے47رائفل،2پستول،18گرینیڈ،16میگزین اور550گولیاں ضبط
لازوال ڈیسک
بانڈی پورہ؍؍بانڈی پورہ پولیس اورفوج نے سرحدی تحصیل گریز میں حدمتارکہ کے نزدیک ایک گائوں میں تلاشی کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ ،گرینیڈ اورگولیاں برآمد کرکے ضبط کرلیں ۔سیکورٹی ذرائع نے بتایاکہ مصدقہ اطلاع ملنے پربانڈی پورہ پولیس نے فوج کے اشتراک سے اس شمالی ضلع کے سرحدی تحصیل گریز میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک واقع گائوں تاربل کے مضافات میں گووند نالے میں تلاشی کارروائی روبہ عمل لائی ۔ذرائع نے بتایاکہ یہ مصدقہ اطلاع ملنے کے بعدکہ یہاں جنگجوئوں نے اسلحہ وگولہ بارودایک خفیہ جگہ چھپا رکھاہے ،پولیس وفوج کی مشترکہ پارٹی نے گووند نالے میں اُس خفیہ جگہ کاسراغ لگالیا ،جہاں اسلحہ وگولی بارودکابڑاذخیرہ رکھاگیا تھا۔پولیس ذرائع نے مزیدبتایاکہ اس خفیہ جگہ سے تلاشی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ ،گرینیڈ اورگولیاں برآمد کرکے ضبط کی گئیں ۔ذرائع کے مطابق تاربل گریز میں گووندنالے سے برآمد کئے گئے ہتھیاروں میں 3اے کے47رائفل،اس بندوق کے12میگزین،350گولیاں،2پستول،اسکے 4میگزین ،200گولیاں،18گرینیڈ ،اوردیگر نقصان دہ مواد بھی شامل ہے ۔پولیس نے تاربل گریز کے ایک نالے سے بڑی مقدارمیں اسلحہ وگولی بارود برآمدہونے کے سلسلے میں معاملہ درج کرکے مزیدتحقیقات شروع کردی ہے۔پولیس حکام نے بتایاکہ یہ دراندازی سے جڑا معاملہ ہے ،کیونکہ یہ ہتھیار یہاں لاکرچھپائے گئے تھے ۔انہوںنے کہاکہ یہ ہتھیارممکنہ طورپر اسلئے یہاں ذخیرہ کرکے رکھے گئے تھے کہ کوئی گروپ سرحدپار سے یہاں آکران ہتھیاروںکواپنے ساتھ آگے لیجائے گا۔