نوجوان کے ’وحشیانہ قتل‘ کے بعد راجوری میں شدیداحتجاج

0
0

راجوری پونچھ شاہراہ پہ 7 گھنٹوں تک ٹریفک نظام درہم برہم ۰ڈپٹی کمشنرموقع پرپہنچے ،معاملہ درج ،تحقیقات شروع
عمرارشدملک

راجوری؍؍راجوری ضلع میں ایک 28 سالہ نوجوان کو نامعلوم افراد نے گھر کے اندر سوتے ہوئے چاقو کے وار کر کے ’قتل‘ کر دیا جس سے کنبہ کے افراد نے رشتہ داروں اور پڑوسیوں کے ساتھ مل کر احتجاج شروع کیا۔مظاہرین نے راجوری-پونچھ ہائی وے پر احتجاج کیا اور اس واقعہ کے پیچھے ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ نامعلوم حملہ آور منگل تا بدھ کی درمیانی رات گئے چکلی گاؤں میں نوجوان انکوش کمار شرما ولد بچن کمار شرما کے گھر میں داخل ہوئے اور اسے چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا جبکہ قتل کے بعد کنبے کے افراد نے انکوش شرما کی نعش دیکھ کر شور شروع کردیا اور چٹیار پولیس چوکی سے ایک پولیس پارٹی بھی موقع پر پہنچی اور ’قتل کا ہتھیار‘برآمد کیا۔ پولیس ٹیم نے قانونی جانچ کے لئے نعش کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ انکوش شرما گھر میں واحد کمانے والا تھا اور ماں باپ اور تین بہنوں کی ذمہ داریاں نبھا رہا تھا لیکن گھر کے اکلوتے کمانے والے کو بے دردی سے رات کے عالم میں سوتے ہوئے قتل کر دیا گیا۔ واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے ایک پولیس افسر نے میڈیا کو بتایا کہ تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ ’وحشیانہ قتل نے پورے گاؤں میں صدمے کی لہر دوڑا دی ہے۔ صبح کے وقت ، کنبے کے افراد رشتہ داروں اور پڑوسیوں کے ساتھ چکلی کے قریب سڑک پر آئے اور راجوری-پونچھ شاہراہ کو بلاک کر دیا اور ٹائر جلاتے ہوئے مظاہرین نے "قتل” کے ذمہ داروں کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا۔ وہیں اس دوران ایس ایس پی راجوری شیما نبی قصبہ نے مظاہرین سے بات کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ پولیس کی کاروائی شروع کر دی گئی ہے اور اس قتل میں جو بھی ملوث ہوگا اسے بخشا نہیں جائے گا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے بھی موقع پر پہنچ کر مظاہرین کے ساتھ بات چیت کی اور کہا کہ ضلع انتظامیہ کی طرف سے جو بھی مدد ہوگی وہ اس کنبے کو دی جائے گی اور ساتھ میں پولیس کی تحقیقات کو بھی جلد مکمل کر کے قاتل کو سخت سزا دی جائے گی۔ پولیس نے دفعہ 302/458 کے تحت کیس درج کر دیا جبکہ ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر راجوری کی سربراہی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تاکہ جلد ہی کیس کے تمام پہلوؤں کو نظر میں رکھ کر تحقیقات کی جاسکے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا