سینئر وکیل اشونی اپادھیائے سمیت چھ لوگوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا
یواین آئی
نئی دہلی؍؍دہلی کے جنتر منتر کے نزدیک آٹھ اگست کو ’بھارت چھوڑو آندولن‘ کے مظاہرے کے دوران مبینہ طورپر مخصوص مذہب کے خلاف نعرے بازی کرنے کے معاملہ میں سینئر وکیل اشونی اپادھیائے سمیت چھ لوگوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔دہلی پولیس کے رابطہ عامہ کے افسر چنمے بسوال نے منگل کو بتایا کہ مخصوص مذہب کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرنے کے معاملے میں کناٹ پیلیس تھانہ کی پولیس نے اشونی اپادھیائے کے علاوہ ونود شرما، دیپک سنگھ، ونیت باجپئی، پریت سنگھ اور دیپک کمار کو گرفتار کیا ہے۔ ان لوگوں نے کناٹ پیلیس میں واقع بینک آف بڑودہ کے سامنے اشتعال انگیز نعرے لگائے تھے۔انہوں نے کہاکہ دہلی پولیس نے ان تمام سے پوچھ گچھ کے بعد انہیں گرفتار کیا ہے۔ پولیس معاملہ کی تفتیش کررہی ہے۔دہلی پولیس نے کل ایک بیان جاری کرکے کہا تھا کہ دہلی پولیس معاملے کی جانچ کررہی ہے اور کسی بھی طرح کی فرقہ وارانہ نفر ت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ دہلی پولیس کے مطابق اس پروگرام کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔خیال رہے کہ اتوار کو دہلی کے جنتر منترکے نزدیک کچھ تنظیموں نے ’بھارت چھوڑو آندولن‘ کی سالگرہ کے موقع پر ’بھارت جوڑو آندولن‘ شروع کیا تھا۔ اس دوران انگریزوں کے زمانے کے کچھ قوانین کو واپس لینے کی مانگ کی گئی۔ اسی دوران متنازعہ نعرے بازی کی گئی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔اس معاملہ میں عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان نے اشونی اپادھیائے کے خلاف پولیس میں شکایت کرکے کارروائی کی مانگ کی تھی۔انہوں نے آج ٹوئٹ کرکے کہاکہ دہلی کے جنتر منتر کے نزدیک انسانیت کو تار تار کرنے والوں کو صرف گرفتار کرکے دہلی پولیس خانہ پری نہ کرے۔ ابھی اگریہ مسلم، دلت یا سکھ کمیونٹی سے ہوتے تو انہیں این ایس اے/یو اے پی اے کے تحت سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا جاتا۔ ان پر بھی این ایس اے /یو اے پی اے کے تحت سخت کارروائی ہو۔