کراچی: ’’اپنی قوت اپنی جان ، جاگ رہاہے پاکستان‘‘ سمیت معروف ملی نغمے گانے والے تاج ملتانی کراچی میں انتقال کرگئے۔مایہ ناز گائیک تاج ملتانی کافی عرصے سے علیل تھے، وہ معروف پلے بیک سنگر تھے اورانھوں نے ریڈیو اور ٹی وی کے لیے متعدد گانے ریکارڈ کرائے۔ تاج ملتانی کی فنی خدمات پر انھیں تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازاگیا تھا۔قریبی رفقا کے مطابق تاج ملتانی کافی عرصے سے علیل تھے اور ان دنوں شہر کے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔ تاج ملتانی کی اہلیہ نگہت سیما بھی شعبہ گلوکاری میں خاص شہرت رکھتی تھیں جبکہ ان کی صاحبزادی ثنا علی نعتیہ کلام پڑھتی ہیں۔تاج ملتانی کی نماز جنازہ آج (ہفتے کو) بعد نماز عصر مسجد صدیق اکبر بلاک 3نزدکے ڈی اے مارکیٹ گلشن اقبال میں اداکی جائے گی۔