یواین آئی
نئی دہلی؍؍بنگلہ دیش کے سفر پر گئے فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل آر کے ایس بھدوریا نے کہا ہے کہ ہندوستان اور بنگلہ دیش کی مسلح افواج کے درمیان دوستانہ باہم تعاون مزید مستحکم ہوگا۔بنگلہ دیش کی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل عبد الحنان کی دعوت پر دو روزہ دورے پر ڈھاکہ گئے ایئر چیف مارشل بھدوریا نے جسَور واقع بنگلہ دیش فضائیہ اکیڈمی میں منعقد کمیشن کی تقریب میں پاسنگ آئوٹ پریڈ کا جائزہ لیا۔سنہ 1971 کے بنگلہ دیش مکتی مورچہ میں تاریخی جیت کی گولڈن جبلی کے پیش نظر ان کے اس دورے کو کافی اہم سمجھا جا رہا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی ملک کی ایئر چیف مارشل نے بنگلہ دیش میں پاسنگ آئوٹ پریڈ کا مہمان خصوصی کے طور پر جائزہ لیا ہے۔ اس سے ہندوستان-بنگلہ دیش اور ان کی مسلح افواج کے درمیان یقین اور دوستی کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔مسٹر بھدوریا نے نئے کمیشن کے افسران کو مبارکباد دی اور دونوں ملکوں کے درمیان فوجی سطح پر مذاکرات اور دو طرفہ تعاون کو ہندوستان-بنگلہ دیش کے تعلقات میں اہم کڑی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انعقاد اس بات کا مظہر ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان باہم یقین، سمجھ اور پیشہ ورانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے اظہارِ یقین کیا کہ ان کے اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان پہلے سے ہی مضبوط اور کثیر جہتی شراکت داری مزید مستحکم ہوگی۔انہوں نے اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب، فوجی سربراہ اور مسلح افواج کے چیف اسٹاف افسر کے ساتھ باہمی اہم اور مفاد کے مسائل کے ساتھ ساتھ دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے پر بات چیت کی۔ انہوں نے بنگلہ دیش میں ہندوستان کے ہائی کمشنر وکرم کے دروائی سوامی سے بھی بات چیت کی۔