سبھی سیاسی جماعتیں لوگوں کو در پیش مسائل وزیر اعظم کے سامنے رکھیں گے: رویندر رینہ
لازوال ڈیسک
جموں؍؍بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے کل جماعتی میٹنگ طلب کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک اہم میٹنگ ہے جس میں جموں و کشمیر کی سبھی سیاسی جماعتیں لوگوں کو در پیش مسائل وزیر اعظم کے سامنے رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک خوش آئند بات ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اس میٹنگ میں شرکت کر رہی ہیں اور بی جے پی نے اس میں شرکت کرنے کے لئے پہلے ہی حامی بھر لی ہے۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں پارٹی دفتر پر منعقد ایک نیوز کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’جموں وکشمیر کے سبھی سیاسی جماعتوں کو بلایا گیا ہے یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے ہم سب جماعتیں مل کر جموں وکشمیر کے لوگوں کو در پیش مسائل کو وزیر اعظم نریندر مودی کے سامنے رکھیں گے‘۔ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی اس میٹنگ میں شرکت کرے گی اور امید ہے کہ جن لیڈروں کو دعوت دی گئی ہے وہ سب اس میں شرکت کریں گے۔موصوف صدر نے کہا کہ وزیر اعظم نے کھلے دل اور ذہن سے سیاسی جماعتوں کو دعوت دی ہے اور انہیں بھی اس میٹنگ میں شرکت کرکے کھلے دل سے بات چیت کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا: ’یہ ایک اچھی بات ہے کہ اس میں سبھی سیاسی جماعتوں کے لیڈر شرکت کر رہے ہیں یہ ایک اہم میٹنگ ہے اس میں جو مسائل رکھیں جائیں گے جو لوگوں کے مفادات میں ہوں گے ان پر بات چیت ہوگی‘۔محبوبہ مفتی کی طرف سے پاکستان کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ شروع کرنے کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کو ٹالتے ہوئے مسٹر رینہ کا کہنا تھا: ’دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں لیکن ملک کی سالمیت ہمارے لئے سب سے اہم ہے اور قومی مفاد کو اولین ترجیح حاصل ہے‘۔انہوں نے کہا: ’جموں وکشمیر کے لوگ دل سے بھارتی ہیں اور یہاں پاکستان حمایت یافتہ دہشت گردی کی وجہ سے لاکھوں لوگوں نے اپنی جانیں گنوائیں‘۔بتادیں کہ پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ نے منگل کے روز اس میٹنگ میں شرکت کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔