ملک کے لوگوں کو ہرچیلنج سے نمٹنے کے لئے تیار رہنا ہوگا :مودی
فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے لئے کریش کورس کا آغاز
لازوال ڈیسک
نئی دہلی ؍؍وزیراعظم نریندرمودی نے جمعہ کو کہا کہ کورونا وائرس ابھی ختم نہیں ہوا ہے اوراس کے میوٹیشن کاامکان برقرار ہے جس کے پیش نظر ملک کے لوگوں کو ہرچیلنج سے نمٹنے کے لئے تیار رہنا ہوگا ۔مسٹرمودی نے جمعہ کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کووڈ19 فرنٹ لائن ورکرز کے لئے ’اسپیشل کریش کورس‘ پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ یہ تربیتی پروگرام 26 ریاستوں کے 111 مراکز میں چلایاجائے گا۔ اس اقدام کے تحت تقریباً ایک لاکھ فرنٹ لائن کے ورکرز کو تربیت دی جائے گی۔ اس موقع پرہنرمندی اور کاروبار کے فروغ کے وزیرڈاکٹر مہیندرناتھ پانڈے، متعدد دیگر مرکزی وزرائ، ریاستی وزرائ، ماہرین اوردیگر اسٹیک ہولڈر موجود تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ شروعات کورونا سے لڑنے کا ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ وائرس ابھی موجود ہے اوراس کے میوٹیشن کا امکان برقرار ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وبا کی دوسری لہر نے یہ بتادیا ہے کہ وائرس کیسے کیسے چیلنجز ہمیں دے سکتا ہے۔ ملک کو ہر چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیاررہناچاہیے اورایک لاکھ سے زیادہ فرنٹ لائن کے جانبازوں کی تربیت اسی سمت میں اٹھایا گیا قدم ہے۔ وزیراعظم نے یادلایا کہ وبا نے دنیا کے ہرملک، انسٹی ٹیوٹ، سماج، خاندان اورلوگوں کے حوصلے کو آزمایا ہے۔ ساتھ ہی اس سے ہم چوکنے بھی ہوئے ہیں کہ ہمیں سائنس، حکومت، انسٹی ٹیوٹ یاشخص کی سطح پر اپنی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملک نے یہ چیلنج قبول کیا۔ کووڈ کے علاج اورنگہداشت کے شعبے میں پی پی کٹ، جانچ اور دیگر میڈیکل ڈھانچے میں ہماری موجودہ حیثیت اس بات کی گواہ ہے کہ ہم نے اس سمت میں کتنی کوشش کی ہے۔ مسٹر مودی نے بتایا کہ دوردراز کے علاقوں میں موجود اسپتالوں کو وینٹیلیٹر اورآکسیجن کنسنٹریٹر مہیا کرائے جارہے ہیں۔ جنگی سطح پر 1500 سے زیادہ آکسیجن پلانٹ لگائے جارہے ہیں۔ ان تمام کوششوں کے درمیان، ہنرمند افرادی قوت بھی بہت اہمیت رکھتی ہے۔ اس سلسلے میں اورکورونا جانبازوں کی موجودہ فوج کو تعاون دینے کے لئے ایک لاکھ نوجوانوں کو تربیت دی جارہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ تربیت دو تین ماہ میں مکمل ہوجائے گی۔مسٹر مودی نے بتایا کہ ملک کے اعلیٰ ماہرین نے چھ کورس تیارکئے ہیں، جنہیں آج لانچ کیا جارہا ہے۔ یہ سارے کورس ریاستوں اورمرکز کے زیرانتظام علاقوں کے مطالبے پر تیار کئے گئے ہیں۔ چھ خصوصی کاموں کے پیش نظر کووڈ جانبازوں کو تربیت دی جائے گی، جن میں ہوم کیئر سپورٹ، بیسک کیئر سپورٹ، ایڈوانس کیئرسپورٹ، ایمرجنسی کیئر سپورٹ، سیمپل کلیکشن سپورٹ اورمیڈیکل اکوپمنٹ سپورٹ شامل ہیں۔ ان کورسز میں تازہ اسکل ڈیولپمنٹ اورمہارت کی ترقی کو بڑھانا شامل کیا گیا ہے۔یہ تربیت ان لوگوں کو دی جائے گی، جنہیں اس طرح کے کاموں کی پہلے تربیت حاصل ہوچکی ہے۔ اس مہم سے طبی میدان میں فرنٹ لائن والی فوج میں نئی جان آجائے گی۔ اس سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ کورونا کے دور نے یہ ثابت کردیا ہے کہ اسکل، ری اسکل اوراپ اسکل کا منتر کتنا اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’اسکل انڈیا مشن‘ ملک میں الگ سے پہلی بارشروع کیا گیا تھا۔ اسے ہنرمندی کی وزارت نے شروع کیا تھا اور پورے ملک میں پردھان منتری کوشل وکاس کیندرکھولے گئے تھے۔ آج ’اسکل انڈیا مشن‘ ملک کے لاکھوں نوجوانوں کوہرسال آج کی ضرورتوں کے پیش نظر تربیت دے رہا ہے۔ گزشتہ سال سے ہنرمندی کی وزارت وبا کے درمیان بھی ملک بھر کے لاکھوں طبی اہلکاروں کو تربیت دیتی آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آبادی کودیکھتے ہوئے یہ ضروری ہے کہ طبی شعبے میں ڈاکٹروں، نرسوں اورپیرامیڈکس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ گزشتہ سات سالوں سے نئے ایمس، نئے میڈیکل کالج اورنئے نرسنگ کالج کھولنے کے لئے پوری لگن سے کام کیا جارہا ہے۔ اسی طرح میڈیکل ایجوکیشن اور متعلقہ اداروں میں بھی اصلاحات کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ جس سنجیدگی اورتیزی سے ہیلتھ پروفیشنلوں کو تیارکرنے کا کام ہورہا ہے، وہ بے مثال ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ گائوں کی ڈسپنسریوں میں تعینات آشاکارکن، اے این ایم، آنگن واڑی اور طبی کارکن جیسے ہیلتھ پروفیشنل ہمارے طبی شعبے کے مضبوط ستون ہیں، جن کا اکثر کوئی ذکر نہیں کیا جاتا۔ دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم کے سلسلے میں انفیکشن روکنے کے لئے وہ اہم کردارادکررہے ہیں۔ وزیراعظم نے ملک کے ہرشخص کی حفاظت کرنے کی سمت میں مشکل حالات میں کام کرنے کے لئے ہیلتھ ورکرز کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ گائوں، دوردراز کے علاقوں، پہاڑی اور قبائلی علاقوں میں انفیکشن کو پھیلنے سے روکنے میں ان لوگوں کا بڑاکردارہے۔مسٹر مودی نے کہا کہ 21 جون سے شروع ہونے والی مہم کے تعلق سے متعدد رہنما خطوط جاری کئے گیے ہیں۔ اسی روز 45 سال سے کم عمر کے لوگوں کو بھی اب اسی طرح ٹیکے لگائے جائیں گے جیسے 45 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو لگائے جاتے رہے ہیں مرکزی حکومت پرعزم ہے کہ کورونا پروٹوکال پر عمل کرتے ہوئے ہرشہری کو مفت ٹیکہ لگایا جائے۔وزیراعظم نے تربیت یافتہ افرادکو مبارک باد پیش کی اورکہا کہ ان کا یقین ہے کہ فرنٹ لائن کے جانبازوں کے نئے ہنر سے ملک کے لوگوں کی جان بچانے میں مددملے گی۔