سری نگر// شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں جمعرات کی صبح ایک تیز رفتار ٹپر نے تراگ پورہ کراسنگ کے نزدیک ایک موٹر سائیکل کو زور دار ٹکر مار کر اس پر سوار دو افراد کو ابدی نیند سلا دیا جبکہ تیسرا زخمی ہوگیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع بارہمولہ میں جمعرات کی صبح تراگ کراسنگ پر ایک تیز رفتار ٹپر نے ایک موٹر سائیکل کو زور دار ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں اس پر سوار تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ حادثہ پیش آتے ہی تینوں زخمیوں کو نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے دو کی زخموں کی تاب نہ لانے سے موت واقع ہوئی جبکہ تیسرے زخمی کو سب ضلع ہسپتال سوپور ریفر کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے کے ساتھ ہی ٹپر ڈرائیور جائے موقع سے فرار ہوگیا۔
مہلوکین میں سے ایک کی شناخت محمد یوسف ڈار ولد غلام احمد ڈار ساکن گلشن آباد ربن سوپور جبکہ زخمی کی شناخت عادل حسین غازی ولد غلام نبی غازی ساکن ملہ پورہ ربن سوپور کے بطور ہوئی ہے۔
دریں اثنا ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔