واگورہ نوگام تصادم:شوپیان کارہنے والاایک جنگجو ہلاک

0
0

جنوری2021میں جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی:پولیس
جے کے این ایس

سرینگر؍؍سرینگر کے مضافاتی علاقہ واگورہ نوگام میں بدھ کی علی الصبح ایک جھڑپ کے دوران ساڑھے پانچ ماہ قبل جنگجوئوں کی صف میں شامل ہونے والا ایک مقامی جنگجو ہلاک ہوگیا۔پولیس نے ایک جنگجوکے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ جائے جھڑپ سے ایک پستول سمیت کچھ گولی بارودبرآمد کیا گیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ واگورہ نوگام میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس ،ایس ائوجی اہلکاروں نے فوج وفورسز کے اشتراک ست منگل کوشام دیر گئے اس علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ محاصرے کی کارروائی کے دوران یہاں موجودجنگجوئوں نے ممکنہ طورپرمحاصرہ توڑ کر فرارہونے کی کوشش کے تحت اندھادھند فائرنگ کی، جس کے بعد سیکورٹی فورسزنے بھی جوابی کارروائی عمل میں لائی اوریوںطرفین کے درمیان جھڑپ شروع ہوئی۔پولیس ذرائع نے مزید بتایاکہ شام دیرگئے یہاں جنگجومخالف آپریشن روک دیاگیا لیکن پورے علاقے کوچاروں اطراف سے سخت محاصرے میں رکھاگیا تاکہ یہاں پھنسے جنگجوئوںکو فرارہونے کاکوئی راستہ یاموقعہ نہ مل سکے ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ رات بھر سخت پہرہ رکھنے کے بعدبدھ کی صبح واگورہ نوگام میں موجودجنگجوئوں کیخلاف دوبارہ آپریشن شروع کیاگیا ،اور طرفین کے درمیان تصادم آرائی میں ایک مقامی جنگجو مارا گیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ مہلوک جنگجوکی نعش کے علاوہ جائے جھڑپ سے ایک پستول، ایک میگزین، 6 گولیاں اور 2گرینیڈ بر آمد ہوئے ۔ذرائع نے بتایاکہ مہلوک جنگجوکی نعش کوپولیس کنٹرول روم سری نگرمنتقل کیاگیا لیکن اسکی شناخت عمل میں لانے کیلئے کوئی نہیں آیا ،جسکے بعدپولیس نے اپنے ذرائع اورمعلومات کی بناء پراسکی شناخت عمل میں لائی ۔ذرائع کے مطابق واگورہ نوگام جھڑپ میں مارے گئے جنگجوکی شناخت عذیر احمد ڈار ولد محمد اشرف ڈار ساکن وڈونہ میلہورہ وچی ،زینہ پورہ ضلع شوپیاں کے بطور ہوئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق مہلوک جنگجو نے اسی برس2 جنوری2021 کو جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا