محکمہ صحت کی جانب سے تمام 20اضلاع میں تشخیصی ٹیمیں تشکیل
بھدرواہ میں240مزدوروں کی اچانک جانچ،نصف درجن کے کورونا ٹیسٹ مثبت
کے این ایس
جموں/سرینگر؍؍جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں میں بغرض کام کاج موجودغیرریاستی مزدوروں اورکاریگروں کی کوروناٹیسٹنگ کاعمل شروع کردیاگیا ہے ،اوراس مقصدکیلئے محکمہ صحت نے ٹیمیں تشکیل دی ہیں ۔محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایاکہ چونکہ حالیہ کچھ ہفتوں کے دوران بیرون ریاستوں سے آنے والے سینکڑوں مسافروں کوکوروناوائرس میں مبتلاء پایاگیاہے ،اسلئے جموں وکشمیر کے مختلف اضلاع میں کام کاج کیلئے مقیم غیرریاستی مزدوروں ،کاریگروں اوردوسرے ایسے لوگوں کی کورونا جانچ عمل میں لانے کافیصلہ لیاگیا۔ذرائع نے بتایاکہ 20اپریل کی شام تک 17ہزار359مسافروںکے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ،جن میں سینکڑوں بیرون ریاستی مزدور ،کاریگر اوردوسرے لوگ بھی شامل ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ لکھن پورمیں بیرون ریاستوںسے آنے والے سبھی لوگوںکی موقع پرہی کورونا جانچ کی جاتی ہے جبکہ کشمیرکارُخ کرنے والے مسافروں کی کورونا جانچ9اپریل سے شروع کی گئی ،اورحالیہ دنوں میں دونوں مقامات پرمیڈیکل اسکریننگ کے دوران متعددمسافروںکوکورونا میں مبتلاء پایاگیا۔ذرائع نے بتایاکہ بیرون ریاستوں سے آنے والے مقامی باشندوں ،غیرریاستی مزدوروں اورکاریگروںوغیرہ کی طبی جانچ چونکہ کچھ ماہ کیلئے روک دی گئی تھی ،اسلئے اسبات کااندیشہ ہے کہ اس دوران جموں وکشمیر میں داخل ہونے والے مسافروں بشمول غیرریاستی محنت کشوں میں بہت سارے کورونا میں مبتلاء ہوسکتے ہیں ۔محکمہ صحت کے ذرائع کاکہناتھاکہ حالیہ کچھ ہفتوں کے دوران کورونا کیسوں میں آئے غیرمعمولی اُچھال کے بعدمحکمہ صحت نے تمام اضلاع میں ٹیمیں تشکیل دی ہیں ،جو مقامی باشندوں کیساتھ ساتھ غیرریاستی مزدوروں اورکاریگروں کا کورونا ٹیسٹ بھی کررہی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اسی مہم کے تحت سب ڈسٹرکٹ اسپتال بھدرواہ کے طبی ملازمین کی ایک ٹیم نے پولیس کی مددسے یہاں تاریخی چوگام بازار کا محاصرہ کرکے یہاں موجود غیرریاستی مزدوروں کے کورونا ٹیسٹ عمل میں لائے۔انہوںنے مزیدکہاکہ جموں وکشمیرمیں موجودزیادہ ترمزدروں کاتعلق ریاست اُترپردیش اوربہار سے ہوتاہے ۔ذرائع نے بتایاکہ چوگام بازار بھدرواہ میں موجود240مائیگرنٹ یاغیرریاستی مزدروں کاریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ RATکیاگیا،اوراس دوران نصف درجن غیرریاستی مزدوروں کوکورونا میں مبتلاء پایاگیا۔اورانھیں فوری طورپرالگ تھلگ کیاگیا،اورسبھی کواسپتال منتقل کیاگیا۔محکمہ صحت کے ذرائع نے مزیدبتایاکہ جموں وکشمیرکے سبھی 20اضلاع میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ،جو آنے والے دنوں میں مقامی باشندوں کیساتھ ساتھ مائیگرنٹ یاغیرریاستی مزدوروں کی کورونا جانچ میں تیزی لارہی ہیں ۔