سری نگر،// نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ کورونا ویکیسن کی قلت مہاراشٹر حکومت کے تخیل کی کوئی اختراع نہیں بلکہ ایک حقیقت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے جس کو عملی اقدام کرکے فوری حل کرنے کی ضرورت ہے۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں کیا۔
ان کا ٹویٹ میں کہنا تھا: ’یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ کورونا ویکیسن کی قلت مہاراشٹر حکومت کے تخیل کی کوئی اختراع نہیں ہے بلکہ ایک حقیقت ہے۔ یہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے جس کو ذمہ داراں کے درمیان لفظی جنگ سے حل نہیں کیا جاسکتا‘۔
بتادیں کہ مہاراشٹرکے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے کہا ہے کہ ریاست میں کورونا ویکسینز کی قلت کے پیش نظر کئی ٹیکہ مراکز بند کر دئے گئے۔انہوں نےکہا کہ ہمارے پاس کورونا ویکسین کی صرف 14 لاکھ خوارکیں موجود ہیں جبکہ ہمیں 40 لاکھ خوراکیں فی ہفتہ درکار ہیں۔
تاہم مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن نے مہاراشٹرکے وزیر صحت کے ان الزمات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی حکومتیں ایسے بیانات دے کر کورونا کو کنٹرول کرنے میں اپنی ناکامیوں کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔