آرٹی آئی میں فیکلٹی ممبران ، گزیٹیڈ اور نان گزٹڈ اسٹاف کی شدید قلت کا انکشاف کیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍ منموہن سنگھ اور مہیش کوتوال کے ساتھ بلوندر سنگھ نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ آر ٹی آئی کی معلومات کے مطابق گورنمنٹ میڈیکل کالج اور ہسپتال اساتذہ کی 30 فیصد کمی کے ساتھ کام کر رہا ہے اور جی ایم سی میں 70فیصد سپر سپیشلٹیز کی کمی پائی جا رہی ہے۔ وہیں بلوندر سنگھ نے آر ٹی آئی کے تحت موصولہ تفصیلات کو میڈیا کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ جی ایم سی میں آٹھ فروری 2021 تک 369 منظور شدہ میں سے 233 فیکلٹی ممبر موجود ہیں اور136 کی کمی پائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ متاثرہ شعبہ جات میں میڈیسن جہاں 13 آسامیاں خالی ہیں،اینستھیسیولوجی میں 6 آسامیاں خالی، اوبسٹس اور گائنے میں 27 آسامیاں خالی، مائکروبیولوجی میں 10 آسامیاں خالی، آرتھوپیڈکس میں 3 آسامیاں خالی، پیڈیاٹریکس میں 10 آسامیاں خالی، پیتھالوجی میں 9 آسامیاں خالی،ریڈیو ڈائیگنوسز میں 15 آسامیاں خالی اور سرجری میں 8 آسامیاں خالی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ جی ایم سی کی 59 سپر سپیشلٹیز کی منظور شدہ طاقت کے خلاف صرف 19 موجود ہیں اور 40 کی قلت ہے۔وہیں جی ایم سی میں 512 کی منظور شدہ طاقت کے برخلاف 203 نان گزٹڈ سپیریئر نان پلان اور این آر ایس عملے کی بھی کمی ہے۔ جی ایم سی میں اس وقت صرف 22 گزٹیڈ کام کررہے ہیں جبکہ منظور شدہ 42 ہیں۔وہیں 35 کی منظور شدہ اسامیوں کے خلاف 15 نان گزٹڈ (منسٹریل اسٹاف) کی کمی ہے۔ 532 نرسنگ اسٹاف کی منظور شدہ اسامیوں میں سے 136خالی ہیں، 220 کی منظور شدہ اسامیوں کے مقابلے 73 پیرا میڈیکل کی قلت ہے اور درجہ چہارم کی 596 آسامیوں کے مقابلہ 147 ملازمین کی کمی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایسوسی ایٹڈ ہاسپٹلرز میں نان گزٹڈ اسٹاف کی صورتحال بھی ٹھیک نہیں ہے جہاں سی ڈی ہسپتال میں نان گزٹیڈ اور درجہ چہارم کے عملے کی شدید قلت ہے۔ موصوف نے رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایس ایم جی ایس اسپتال کا بھی یہی حال ہے جہاں 168 منظور شدہ اسامیوں کے خلاف 86 پیرامیڈیکلز کی کمی ہے ، 374 کی منظور شدہ اسامیوں کے خلاف نرسنگ عملہ کی 96 کی کمی ہے، 334 کی منظور شدہ اسامیوں کے خلاف 165 درجہ چہارم کے ملازمین کی کمی ہے اور 54 کی منظور شدہ اسامیوں کے خلاف ایس ایم جی ایس میں 31 منسٹریل اسٹاف کی کمی ہے۔وہیں سپر اسپیشیلٹی ہسپتال میں نان گزٹڈ سپیریئر کی 158 آسامیاں خالی ہیں جن کی منظوری 487 ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اور ایسوسی ایٹڈ ہسپتال (اے ایچ) جموں ، جو جموں خطے کی پوری آبادی کیلئے ہے میں فیکلٹی ممبران ، گزٹڈ ??اور نان گزٹڈ اسٹاف کی شدید قلت کا سامنا کررہا ہے جس کی وجہ سے صحت کی خدمات بری طرح متاثر ہورہی ہیں۔ اس سلسلے میں بلوندر سنگھ نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور ایل جی کے مشیر آر آر بھٹناگر سے اپیل کی کہ صحت کی خدمات کو مستحکم کرنے کے لئے ان خالی آسامیوں کو فوری طور پر پْر کریں تاکہ جی ایم سی اور اس سے وابستہ اسپتال کے کام کرنے پر عوام کا اعتماد بحال ہواور انہیں اپنے مریضوں کو ریاست سے باہر منتقل کرنے کے بجائے یہاں سہولیات سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے۔