پیپلز کانفرنس میں شمولیت اختیارکی،سجادغنی لون اوردیگرکئی لیڈروں نے کیا خیرمقدم
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍سابق نائب وزیراعلیٰ مظفرحسین بیگ نے بدھ کے روزباضابطہ طورپرپیپلز کانفرنس میں شمولیت اختیار کرلی ۔خیال رہے مظفرحسین بیگ نے اپنے سیاسی کیریئرکاآغاز لگ بھگ 5دہائیاں قبل اسی جماعت سے کیاتھا۔بدھ کے روز جاری بیان میں پیپلز کانفرنس کی جانب سے بتایاگیاکہ سینئرسیاسی رہنمامظفرحسین بیگ پارٹی میں شامل ہوگئے ۔بیان کے مطابق پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجادغنی لون نے مظفرحسین بیگ کاپارٹی میں شمولیت پرخیرمقدم کیا۔بیان کے مطابق بدھ کے روز پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجادغنی لون نے مظفرحسین بیگ کی رہائش گاہ پرجاکر ازخود موصوف کوپارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی ۔اس موقعہ پر مظفرحسین بیگ نے کئی سینئرلیڈروں کی موجودگی میں پیپلز کانفرنس میں شمولیت اختیارکرلی ۔سجادغنی لون نے مظفرحسین بیگ کے پارٹی میں شامل ہونے کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ سینئرسیاسی رہنما نے مشکل ترین حالات میں بھی جموں وکشمیر سے جڑے مسائل ومعاملات کومختلف ایوانوں اورفورموں میںاُٹھایا۔اس موقعہ پر عبدالغنی وکیل،بشیراحمددار،عابدانصاری ،عرفان پنڈت پوری،راجہ اعجاز علی اورعدنان اشرف میر بھی موجودتھے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ شمالی ضلع بارہمولہ کے وحدنا چندوسہ کنڈی میں جنم لینے والے سینئرسیاسی لیڈر اورمعروف قانون داں مظفرحسین بیگ نے اپنی عملی یاسرگرم سیاسی زندگی کی شروعات پیپلز کانفرنس سے کی تھی ،اورجب 80کی دہائی کے اوائل میں خواجہ عبدالغنی لون نے پیپلز کانفرنس کی داغ بیل ڈالی تواس نئی پارٹی کے بانی رہنمائوں میں مظفرحسین بیگ ،سابق چیف جسٹس بشیراحمدخان،ڈاکٹر غلام محمدحبی اورنظام الدین بٹ بھی شامل تھے ۔مظفرحسین بیگ نے بارہمولہ ،بشیراحمدخان نے پٹن ،نظام الدین بٹ نے بانڈی پورہ اورڈاکٹرغلام محمدحبی نے اسمبلی حلقہ چرارشریف سے پیپلز کانفرنس کی ٹکٹ پرہی اسمبلی الیکشن میں حصہ لیا۔لیکن یہ چاروں اُمیدوارالیکشن میں خاصے اچھے ووٹ لینے کے باوجودبھی ہارگئے ۔تب مظفرحسین بیگ پیپلز کانفرنس کے وائس چیئرمین ہواکرتے تھے تاہم اپنے سیاسی گائڈ یا راہنما خواجہ عبدالغنی لون کیساتھ کسی معاملے پراختلافات یااختلاف رائے کے بعدانہوں نے پیپلز کانفرنس سے علیحدگی اختیار کی ،اورطویل عرصہ کیلئے مظٖفرحسین بیگ سیاسی گوشہ نشینی میں چلے گئے ۔اب مظفرحسین بیگ پھرایک مرتبہ پیپلز کانفرنس میں شامل ہوگئے ۔خیال رہے 2018 میں جب پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کا الحاق ختم ہوا تھا اس کے بعد بھی قیاس آرائیاں کی جانے لگی تھیں کہ وہ پی ڈی پی سے علیٰحدہ ہو کر نئی پارٹی کو تشکیل دے سکتے ہیں یا کسی اور پارٹی میں شامل ہوسکتے ہیں۔آخر کار مظفر حسین بیگ نے نومبر 2020کے مہینے میں پی ڈی پی کو ضلع ترقیاتی انتخابات کے دوران سیٹوں کے بٹوارے کو لیکر الوداع کہہ دیا،اورلگ بھگ چارماہ تک سیاسی گوشہ نشینی میں رہنے کے بعدآج انہوںنے پیپلز کانفرنس میں شمولیت اختیارکرلی ۔