یواین آئی
نئی دہلی؍؍بچوں کے حقوق کی خاطر کام کرنے والی تنظیم ’کیلاش ستیارتھی چلڈرنس فائونڈیشن‘ جنسی تشدد، بد فعلی کے شکار بچوں، ان کے خاندانوں کو طے وقت پر انصاف، صحت تعاون اور بازآبادکاری کی سہولتوں کو یقینی بنانے کے لیے قومی سطحی ’جسٹس فار ایوری چائلڈ‘ مہم کا آغاز کرنے جا رہی ہے۔ تنظیم نے بدھ کے روز یہاں جاری بیان میں بتایا کہ 21 مارچ کو شروع ہونے والی یہ مہم ایک سال تک جاری رہے گی۔ یہ مہم ملک کے ان 100 اضلاع میں چلائی جائے گی جو بچوں کے استحصال اور بچوں کے ساتھ بد فعلی کے نقطہ نظر سے بے حد حساس ہیں۔ مہم کے سروکار اور اہداف سے عوام کو آگاہ کرنے کے لیے بالی وڈ کے مہشور اداکار اور ڈائریکٹر فرحان اختر اس مہم میں بطور برانڈ ایمبیسڈر شامل ہوئے ہیں۔اس موقع پر فرحان اختر نے بچوں کے ساتھ جنسی تشدد کی خوفناکی کو قومی ایمرجنسی قرار دیتے ہوئے کہا،’ ہندوستان میں ہر گھنٹے تین بچوں کے ساتھ بد فعلی ہوتی ہے اور پانچ جنسی تشدد کا شکار ہوتے ہیں۔ انھیں انصاف کے لیے لمبی جد و جہد کرنا پڑتی ہے‘ جو ان کی زندگی بھر کے لیے باعث تکلیف ہے۔ یہ ایک قومی ایمرجنسی ہے اور بچوں کو ہماری مدد کی ضرورت ہے‘۔ ادارے کا کہنا ہے کہ ملک میں بچوں کے جنسی استحصال کے معاملے بڑھ رہے ہیں لیکن انھیں انصاف نہیں مل پا رہا ہے۔ بچوں کا استحصال روکنے کے لیے قانون پوکسو ایکٹ کے مطابق ایک طے شدہ وقت میں تفتیش کا عمل مکمل کرکے متاثرین کو انصاف دلانے کا التزام ہے، لیکن ایسا نہیں ہو پا رہا ہے۔ مہم کا مقصد کم از کم 5000 کیسز میں بچوں کو طے وقت میں فوراً انصاف دلانا ہے۔ بچوں کی تعلیم و ترقی اور بازآبادکاری کے لیے کام کرنا ہے۔