ساوجیاں میں دوسال سے جموں وکشمیر بنک برانچ منظور لیکن ابھی تک کھلی نہیں!!
ریاض ملک
منڈی؍؍منڈی کے سرحدی علاقہ ساوجیاں میں گزشتہ دوسال سے جموں وکشمیر بنک برانچ منظور ہوئی ہے لیکن ابھی تک بنک برانچ کھلی نہیں ہے ۔اس سلسلے میں مقامی عوام نے کہاکہ پنچائتی نمائندگان کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے بنک برانچ نہیںکھلی۔عوام کا کہنا ہے کہ یہاں سرپنچوں کی ہٹ دھرمی اور اپنی ذاتی مفاد پرستی کی وجہ سے عوام ستم کی چکی میں پِس رہی ہے۔ اس حوالے سے کئی لوگوں نے کہاکہ ساوجیاں، گگڑیاں ،چھول ،پرال کوٹ ، چھمر کناری وغیرہ کے لوگ بزرگ خواتین بیوائیں وغیرہ منڈی بنک میں آکردربدر کی ٹھوکریں کھاتے ہیں لیکن سیاسی لوگ ہیں کہ اپنی سیاست چمکانے کے لئے عوام کا استحصال کررہے ہیں۔ مقامی عوام نے اس سلسلے میں متعلقہ انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بنک برانچ جلد ساوجیاں میں قائم کی جائے ۔