شہر کے مضافاتی علاقہ پنزی نارہ مجہ گنڈ میں سنسنی ،نقاب پوش اسلحہ برداروں نے دن دہاڑے گرامین بینک لوٹ لیا
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍محض 5دنوں میں بینک ڈکیتی کی دوسری بڑی واردات میں کچھ نامعلوم بندوق برداروںنے سری نگر کے مضافاتی علاقہ پنزی نارہ سری نگرمیں واقع گرامین بینک میں گھس کر یہاں سے بندوق کی نوک پرساڑھے تین لاکھ روپے کی رقم لوٹ لی ۔ایس ایس پی سری نگرڈاکٹر حسیب مغل نے بینک ڈکیتی کی تازہ واردات رونماہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ اس سلسلے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔معلوم ہواکہ منگل کے روز کچھ اسلحہ برداربعددوپہر پنزی نارہ سری نگرمیں واقع گرامین بینک کی شاخ میں داخل ہوگئے ،اورانہوںنے بینک ملازمین کوبندوق دکھاکر سخت ڈرایا دھمکایا۔ایک نیوز رپورٹ کے مطابق تین نقاب پوش اسلحہ برداروںنے گرامین بینک شاخ پنزی پورہ سری نگر میں موجودملازمین سے بندوق کی نوک پرساڑھے تین لاکھ روپے کی رقم چھین لی ،اوربینک ڈکیتی کی واردات انجام دینے کے بعداسلحہ بردار وہاں سے بھاگ گئے ۔لٹیروں کے جاتے ہی بینک ملازمین نے پولیس کواس واردات کی اطلاع دی اورپولیس تھانہ پارمپورہ سے ایک ٹیم وہاں پہنچ گئی ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ پولیس تھانہ پارمپورہ سے ایک ٹیم پنزی پورہ روانہ ہوگئی اورانہوں نے وہاں بینک ڈکیتی کی اس واردات سے متعلق ملازمین سے جانکاری حاصل کی ۔بینک ملازمین نے پولیس کوبتایاکہ کم سے کم تین نقاب پوش اسلحہ برداردوپہر کے وقت بینک میں داخل ہوئے اورانہوںنے اسلحہ کی نمائش کرکے ملازمین کوسخت خوفزدہ کیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ گرامین بینک شاخ پنزی پورہ سری نگرمیں ہوئی بینک ڈکیتی کی واردات میں ملوث لٹیروں کی شناخت عمل میں لانے کی کوشش شروع کردی گئی ہے ۔ایس ایس پی سری نگرڈاکٹر حسیب مغل نے شہر کے مضافاتی علاقہ میں واقع ایک بینک میں لوٹ کی واردات رونماہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ پولیس کی ٹیم نے لوٹے گئے بینک کی شاخ میں جاکر اس واردات کے حوالے سے جانکاری حاصل کرلی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بینک ڈکیتی کی اس تازہ واردات میں ملوث افرادکی شناخت عمل میں لانے کی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔خیال رہے یہ کشمیر میں بینک ڈکیتی کی محض پانچ دنوں میں دوسری بڑی واردات ہے کیونکہ گزشتہ جمعہ یعنی12مارچ کونامعلوم پستول برداروںنے شمالی کشمیر کے کنزرٹنگمرگ علاقہ کے مضافاتی گائوں میں واقع گرامین بینک کی شاخ میں داخل ہوکر وہاں سے 2لاکھ 24ہزار روپے کی رقم دن دہاڑے لوٹ لی ۔تاہم پولیس کوبینک ڈکیتی کی اس واردات میں شامل افرادکی شناخت عمل میں لانے میں دشواری پیش آئی کیونکہ گرامین بینک برانچ کنزرٹنگمرگ میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہیں تھے ۔ابھی یہ معلوم نہیں کہ آیاگرامین بینک کی پنزی پورہ سری نگرمیں واقع برانچ میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں کہ نہیں ۔