سالانہ امرناتھ یاترا2021کااعلان
56 روزہ یاترا 28 جون سے بال تل اور چندن واڑی راستوں سے بیک وقت شروع ہو گی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍لفٹینٹ گورنر منوج سنہا جو کہ شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے چئیر مین بھی ہیں ، نے آج یہاں راج بھون میں شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کی 40 ویں بورڈ میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں چیف سیکرٹری ، فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم ، بورڈ کے ارکان جن میں سوامی اودیش آنند گری جی مہاراج ، ڈی سی رینہ ، پنڈت بھجن سوپوری ، پروفیسر انیتا بلاواریہ ، ڈاکٹر سدھرشن کمار ، ڈاکٹر سی ایم سیٹھ ، محترمہ ترپتا دھون ، پروفیسر وشو ،ورتی شاستری اور پروفیسر دیوی پرساد شیٹھی موجود تھے ۔ سی ای او ایس اے ایس بی ، صوبائی کمشنر کشمیر ، ایڈیشنل چیف سی ای او ایس اے ایس بی اور شرائین بورڈ کے دیگر افسران میٹنگ میں از خود موجود تھے یا بذریعہ ورچول طریقہ کار شرکت کی ۔ بورڈ نے فیصلہ لیا کہ یاترا کی مدت56 روز ہو گی جو 28 جون 2021 سے شروع ہو کر 22 اگست2021 یعنی رکھشا بندھن پر اختتام پذیر ہو گی ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ یاترا حکومت کی جانب سے وضح کئے گئے کووڈ 19 ایس او پیز کے رہنما خطوط کے تحت ہی منعقد کی جائے گی ۔ یاتریوں کا پیشگی اندراج یکم اپریل 2021 سے پنجاب نیشنل بنک ، جموں کشمیر بنک اور یس بنک کی نامزد 446 شاخوں کے ذریعے کی جائے گی جو 37 ریاستوں اور یو ٹیز میں واقع ہیں ۔ بورڈ صبح اور شام کی آرتی براہ راست دُنیا بھر کے عقیدت مندوں کیلئے ٹیلی کاسٹ کر رہا ہے جس کے ذریعے یاترا پر نہ آنے والے یاترا کو ورچول درشن کریں گے اس کے علاوہ یاتری گوگل سٹور پر دستیاب شری امر ناتھ جی یاترا ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے یاترا سے متعلق ضروری اطلاعات اور آن لائین دستیاب سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کر سکتے ہیں ۔ دورانِ میٹنگ بورڈ نے یاتریوں کی روزانہ راہ گزر وار آمد کو 7500 یومیہ فی راہ گزر سے بڑھا کر دس ہزار یومیہ فی راہ گزر کی تعداد مقرر کی ہے اس کے علاوہ یاتری ہیلی کاپٹروں سے بھی یاترا پر آ سکتے ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے اکھاڑہ پرشدوں ، اچاریہ پرشدوں کیلئے خصوصی دعوت نامے جاری کرنے کی ہدایت دی ہے اور اس ضمن میں ملک کے معروف مذہبی مقامات پر سادھوؤں کیلئے کاؤنٹر کھولنے کے امکانات کا جائیزہ لینے کی بھی ہدایت دی ۔ یاترا پر آنے والے یاتریوں کیلئے بہترین صحت سہولت بہم رکھنے پر زور دیتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے متعلقہ افسروں کو موجودہ صحت سہولیات دونوں یاترا راہ گزروں پر قائم کرنے کیلئے کہا ۔ مواصلات کو مستحکم بنانے کے ضمن میں لفٹینٹ گورنر نے یاترا شروع ہونے سے دو ہفتہ قبل پوتر گپھا اور یاترا راہ گزروں پر مواصلاتی خدمات چالو کرنے کی ہدایت دی ۔ میٹنگ میں بیس کیمپوں اور یاترا راہ گزروں پر یاتریوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے پیش نظر حفظانِ صحت سہولیات کو توسیع دینے کی بھی ہدایت دی گئی ۔ دورانِ میٹنگ شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ نے پجاریوں کے مشاہروں میں اضافہ کر کے اسے موجودہ ہزار روپے یومیہ سے بڑھا کر 1500 روپے یومیہ اگلے تین سال تک بڑھانے کا فیصلہ لیا ۔ اس کے علاوہ یاتریوں، خدمات فراہم کرنے والوں کیلئے گروپ ایکسیڈنٹل انشورنس کی رقم میں اضافہ کر کے اسے تین لاکھ سے پانچ لاکھ کرنے کا فیصلہ لیا گیا جبکہ خچروں کیلئے بیمہ کی رقم 20 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کی گئی ۔